ڈرون حملوں کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج خوش آئند ہے سعد رفیق

احتجاج ریکارڈ کراکر جماعت اسلامی اورتحریک انصاف وفاقی حکومت کی مددکررہی ہیں


Staff Reporter November 25, 2013
گورنرکوتبدیل کرکے صورتحال خراب نہیں کرنا چاہتے، ریلوے کو این ایل سی نے تباہ کیا۔ فوٹو : اے پی پی/فائل

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت گورنرسندھ کوتبدیل کرکے کراچی کی صورتحال کو خراب نہیں کرنا چاہتی، ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کرناعمران خان اور جماعت اسلامی کا آئینی حق ہے،دونوں جماعتیں اچھا کام کررہی ہیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات ساون بھادوں کی طرح ہیں کب کیا بیان دیتے ہیں سمجھ نہیں آتا اسی لیے ان پرکچھ کہا بھی نہیں جاسکتا، ریلوے سمیت دیگر سرکاری اداروں کی تباہی کا بڑا ذمے داراین ایل سی ہے، ریلوے کی زمینوں پر40، 50 سال سے قائم تجاوزات کے خاتمے کیلیے ٹارگٹڈ آپریشن کی حکمت عملی تیارکرلی ہے، ریلوے کی زمینوں کا اگر قانونی طریقے سے کمرشل استعمال کیا جائے تو ایک نہیں2کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے شروع کرسکتے ہیں۔ اتوار کو کارساز میں واقع ن لیگ ہائوس میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ گورنرکی تبدیلی اور تقرری وفاقی حکومت کے اختیارمیں ہے کراچی کی خاص صورتحال ہے لہٰذا وفاقی حکومت گورنرکوتبدیل کرکے کراچی کی صورتحال خراب نہیں کرنا چاہتی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ڈرون حملوں کیخلاف احتجاج کے ذریعے امریکا تک پاکستانی عوام کا پیغام پہنچا کروفاق کی مدد بھی کررہی ہیں۔



وزیر ریلوے نے کہا کہ کراچی میں ریلوے کی زمینوں کا ماسٹر پلان تیار کریں گے تاکہ مستقبل میں ریلوے کی کسی زمین پر کوئی قبضہ نہ کرسکے، آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے اسٹیڈیم کو بھی اصل حالت میں بحال کرکے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا، کراچی میں ریلوے کی زمین پر جمعہ گوٹھ قائم کردیا گیا، سندھ حکومت کے ساتھ ملکر جمعہ گوٹھ کو خالی کرایا جائے گا۔انھوںنے کہا کہ ریلوے کو بہتر کرنے میں وقت لگے گا مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی سے کروڑوں روپے کا منافع حاصل ہوا ہے، مال گاڑیاں بھی مسافر ٹرینوں کے ساتھ ہی چلائیں گے، بزنس ٹرین کی کمپنی فور برادرز ریلوے کی 38کروڑ روپے کی نادہند ہے۔انھوںنے کراچی کے سابق سٹی ناظمین کو کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے ملنے والے وفاقی حکومت کے فنڈ سے متعلق سوالپر کہا کہ نعمت اللہ خان اور مصطفیٰ کمال کرپٹ لوگ نہیں لہٰذا ان سے متعلق کوئی غلط بات نہیں کی جاسکتی۔