امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ملک ہے، حکومت نوجوانوں کو روزگار، جدید و معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور مفت آئی ٹی کورسز کے مواقع فراہم کرے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نوجوان باصلاحیت اور باوقار ہیں، ان کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کے لیے وسائل فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم کے ساتھ فنی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے مواقع دیے جائیں اور انہیں مفت آئی ٹی تعلیم سے بھی روشناس کرایا جائے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا ’’بنو قابل‘‘ پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم اور باعزت روزگار کی فراہمی میں مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی میں ہی قوم کی پائیدار ترقی اور مستقبل کی بہتری مضمر ہے۔