اس انوکھی بلی کے انسٹاگرام پر ایک لاکھ مداح

قدرتی طور پر بلی کی دونوں آنکھوں اور چہرے کی رنگت میں فرق ہے جس سے یہ مزید خوبصورت نظر آتی ہے


ویب ڈیسک February 29, 2020
کیومیرا نامی بلی کے چہرے کے دونوں نصف حصوں کا رنگ الگ ہے اور آنکھوں کی رنگت بھی یکساں نہیں (فوٹو: بورڈ پانڈا)

BIRMINGHAM: انٹرنیٹ پر پالتو جانور آئے دن مشہور ہوتے رہتے ہیں جن میں غصیلی بلی گرمپی بہت مقبول ہوئی اور اپنے مالکان کے لیے بہت رقم کمانے کی وجہ بھی بنی، اب ایک اور انوکھی بلی نے دنیا کو مسحور کر رکھا ہے۔

خوبصورت بلی کیومیرا سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔ انسٹا گرام پر اس کے ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور مداحوں کو اس بلی کی مزید تصاویر کا انتظار رہتا ہے۔ دیکھنے میں یہ دو منہ والی بلی معلوم ہوتی ہے۔



اس کا چہرہ ایک جانب سے بھورا مائل سنہری ہے تو دوسرا رخ مکمل طور پر سیاہ ہے لیکن اس کی ہر ادا بہت پیاری ہے جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ کیومیرا کے مالکان کے مطابق یہ چھوٹی عمر میں اتنی جاذبِ نظر نہ تھی لیکن ہر روز پرکشش ہوتی جارہی ہے۔ سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی اس بلی کو دیکھنے کے لیے لوگ اس کے گھر بھی آتے ہیں۔



ایک جانب زردی مائل سنہری اور دوسری جانب سیاہ رنگت کی حامل اس بلی کی آنکھوں کی رنگت بھی مختلف ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی کیفیت جینیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوئی ہے جسے ''جینیٹک چائمریزم'' کہتے ہیں۔ یہ کیفیت پودوں، جانوروں اور انسانوں میں بھی نظرآتی ہے۔



ماہرینِ حیوانیات کے مطابق کیومیرا بلی ہر لحاظ سے نایاب ہے اور ایسے جاندار خال خال ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جانوروں میں اس طرح کی پیدائش کو 'موائیکزم' کہا جاتا ہے۔