خلیل الرحمان قمرنے ٹی وی پر براہ راست ماروی سرمد کو گالی دیدی

ویب ڈیسک  بدھ 4 مارچ 2020

کراچی: معروف مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ ٹاک شو کے دوران انتہائی نازیبا گفتگو کرتے ہوئے انہیں براہ راست گالی دیدی۔

خواتین کے حوالے سے متنازع بیانات دینے کے حوالے سے مشہوررائٹر خلیل الرحمان قمر نےگزشتہ روز ایک ٹاک شو کے دوران سماجی کارکن ماروی سرمد کے ساتھ بحث کرتے ہوئے انتہائی نازیبا زبان استعمال کی۔

نجی ٹی وی کے ٹاک  شو میں خلیل الرحمان قمر اور ماروی سرمد’’عورت مارچ‘‘ کے حوالے سے بات کرنے کے لیے مدعو تھے۔ شو کی اینکر  نے جب خلیل الرحمان قمر سے عورت مارچ کے حوالے سے عدالتی فیصلے کے بارے میں ان کی رائے جاننا چاہی تو خلیل الرحمان نے کہا  کہ عدالت نے یہ منع کردیا ہے کہ ’’میرا جسم مرضی‘‘جیسے نعرے کو عورت مارچ میں منہا کردیا جائے۔ تاہم جب میں عورت مارچ اور اس نعرے کے بارے میں کروفر کے ساتھ ماروی سرمد کو بولتے ہوئے سنتا ہوں تو میرا کلیجہ ہلتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  خلیل الرحمان’’ تم نے مَردوں کے سر شرم سے جھکادیے‘‘

ماروی سرمد نے یہاں خلیل الرحمان کی بات کاٹنے کی کوشش کی تو خلیل الرحمان قمر نے  ماروی سرمد کو کہا ’’بیچ میں مت بولیے‘‘ ۔ خلیل الرحمان کے چلانے پر ماروی سرمد نے بھی چلا کر کہا ’’میرا جسم میری مرضی‘‘ اور اس کے بعد  خلیل الرحمان قمر  نے ماروی سرمد کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کی۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان کی نازیبا زبان سن کر صدمے میں ہوں، ماہرہ خان

اس پوری صورتحال میں شو کی میزبان مسلسل دونوں کو خاموش ہونے کے لیے کہتی رہی لیکن دونوں میں سے کوئی بھی خاموش ہونے کے لیے تیار نہیں تھا۔ دونوں کی لڑائی اس حد تک بڑھ گئی کہ خلیل الرحمان قمر نے شو کے دوران ماروی سرمد کو گالی دے دی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ماروی سرمد کے لیے مزید نازیبا جملے استعمال کیے اور انہیں بدتمیز عورت بھی کہا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشال فیاض ’’دوسرے درجے کی عورت‘‘ 

شو میں عورت مارچ اور ’’میرا جسم میری مرضی‘‘ جیسے نعروں پر بولنے کے لیے جے یو آئی ف کے رہنما اور  سینیٹر مولانا فیض محمد بھی موجود تھے تاہم وہ اس دوران خاموش رہے ۔ خلیل الرحمان قمر نے ماروی سرمد کو کہا کہ امریکا میں تحقیق کررہی ہے،  بے حیائی کی تحقیق کررہی ہے، تیری ایسی کی تیسی۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک بھی خلیل الرحمان قمر کے تنازع میں بھی کود پڑیں

خلیل الرحمان قمر نے خاتون اینکر سے کہا میں نے آپ سے درخواست کی بصد احترام کہا اور عرض کیا کہ میں نے آپ کی باتیں پورے غور سے سنیں  لیکن میری بات سنی آپ نے ؟ اسی وقت ماروی سرمد نے کہا آپ نے مجھے گالی دی ہے ابھی اور یہ مجھے تمیز کی تقریر کررہا ہے جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا کس گھٹیا عورت کو لے لیا شو میں ۔ اور اس بار جے یو آئی ف کے رہنما نےکہا محترمہ خاموش کریں انہیں بولنے دیں خلیل صاحب آپ اپنی بات پوری کریں۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عورت مارچ کے حوالے سے درخواست نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ درخواست گزار کو عورت مارچ کے انعقاد پر کوئی اعتراض نہیں ہے، منتظمین و شرکا آئین و قانون کے اندر رہ کر مارچ کریں،  ضلعی انتظامیہ عورت مارچ کی اجازت سے متعلق منتظمین کی درخواست کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔