جسٹس تصدق حسین جیلانی نئے چیف جسٹس آف پاکستان مقرر نوٹی فکیشن جاری

جسٹس تصدق حسین جیلانی نئے چیف جسٹس کی حیثیت سے 12 دسمبر کو حلف اٹھائیں گے۔


ویب ڈیسک November 27, 2013
جسٹس تصدق حسین جیلانی سپریم کورٹ کے سینئیر ترین جج ہیں، فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج اور قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس تصدق حسین جیلانی کو نیا چیف جسٹس پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کی شق 3 کے تحت جسٹس تصدق حسین جیلانی کی تقرری کی ایڈوائس ایوان صدر کو بھجوائی تھی جسے صدر مملکت نے انہیں چیف جسٹس مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے ایوان صدر کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 11 دسمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے اور اسی روز جسٹس تصدق حسین جیلانی کو ملک کے نئے چیف جسٹس کا حلف اٹھانا ہے، آئین کے مطابق چیف جسٹس سے ان کے عہدے کا حلف صدر مملکت لیتے ہیں اس لئے 12 دسمبر کو ایوان صدر میں نئے چیف جسٹس کی تقرری کا وقت دیا جائے۔

6 جولائی 1949 کو پیدا ہونے والے تصدق حسین جیلانی نے فارمین کرسچین کالج لاہور سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا۔ 1974 کو ملتان سے وکالت کا آغاز کیا، 1976 اور 1978میں ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے ، 1979 میں وہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مقرر ہوئے، 1988 میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور 1993 میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بنائے گئے۔ 1994 میں لاہور ہائی کورٹ کے جج اور 2004 میں سپریم کورٹ کے جج مقرر کئے گئے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بعد جسٹس تصدق حسین جیلانی سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں اور آئین کے تحت سینئیر ترین جج ہی چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوسکتا ہے۔