جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی تاریخی کارنامہ ہے راشد لطیف

نوجوان کرکٹرز پر بھروسہ کرنے اورمکمل اعتماد دینے کی ضرورت ہے، محسن خان


Sports Reporter November 28, 2013
ہاشم آملا کا اونچے اسٹروک پر وکٹ گنوانا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا ۔ فوٹو: فائل

ABBOTTABAD: سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریزمیں کامیابی ایک تاریخی کارنامہ ہے۔

اس فتح کے بعد مصباح پر تنقیدکرنے والوں کو جواب مل گیا، دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف ایک رن کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق قومی کپتان نے کہا کہ یہ ایک خوشگوار جھونکے کی مانند ہے،کامیابی کی بنیاد احمد شہزاد نے رکھی،102 رنزکی عمدہ اننگز کھیلنے والے نوجوان بیٹسمین نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک اچھا کھلاڑی ہے،احمد شہزاد نے خراب اسٹروکس کھیلنے سے اجتناب برتا اور ذمہ داری کے ساتھ کریز پر جمے رہے، راشد لطیف نے کہا کہ جنوبی افریقی بولر اسٹین نے ہمارے بیٹسمینوں کی کمزوری جان لی جس کی بدولت6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔



سابق اسٹار نے کہاکہ ہاشم آملا کا اونچے اسٹروک پر وکٹ گنوانا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا جس کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم دبائو کو برداشت نہیں کر سکی، راشد لطیف نے کہا کہ کپتان مصباح الحق کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو ان کی اہلیت اور صلاحیت کے حوالے سے اپنی آرا پر ضرور نظر ثانی کرنا پڑیگی، دوسری جانب سابق چیف سلیکٹروکوچ محسن خان نے جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کو شاندار قرار دیا، انھوں نے کہا کہ احمد شہزاد نے ثابت کر دیا کہ وہ قومی ٹیم کا مستقبل ہے، ہمیں اپنے نوجوان کرکٹرز پر بھروسہ کرنے اور انھیں مکمل اعتماد دینے کی ضرورت ہے۔