جونیئر ہاکی ورلڈکپ 18 رکنی قومی ٹیم منتخب عمر بھٹہ قیادت کریں گے

بھارت جانے کیلیے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ سے8کھلاڑیوں کا انتخاب،شاندار نتائج کی کوشش کریں گے،کوچ


Sports Reporter November 28, 2013
ٹرائلز کے موقع پر صدر پی ایچ ایف چوہدری اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی بھی موجود تھے۔ فوٹو: فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کیلیے18رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، عمر بھٹہ کپتان ہوں گے، بھارت جانے کیلیے ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ سے8کھلاڑیوں کا انتخاب بھی کیا گیا ہے۔

چیف کوچ منظورالحسن سینئر کے مطابق تجربہ کار کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم مضبوط ہوگئی، اچھی ہاکی کھیلتے ہوئے شاندار نتائج کی کوشش کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق6 دسمبر سے بھارت میں شیڈول جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا انتخاب گذشتہ روز کیا گیا، چیف کوچ منظور الحسن سینئر نے دیگر کوچز انجم سعید اور دانش کلیم کے ساتھ میاں شریف اسٹیڈیم لاہور میں پلیئرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی۔ جاپان میں منعقدہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کا دفاع کرنے والے اسکواڈکے کاشف شاہ، رضوان جونیئر، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ، عمر بھٹہ اور محمد دلبر اپنی فارم اور فٹنس سے مینجمنٹ کا اعتماد پانے میں کامیاب رہے، ایک اور تجربہ کار کھلاڑی محمد خالد بھٹی کی سینئر ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچز میں فٹنس اور پرفارمنس کا جائزہ لے کرانھیں حتمی اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا، اگر وہ سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہے تو ان کی جگہ محمد کاشف جاوید ٹیم کے ساتھ بھارت جائیں گے۔ ٹرائلز کے موقع پر صدر پی ایچ ایف چوہدری اختر رسول اور سیکریٹری رانا مجاہد علی بھی موجود تھے۔



ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے اعلان شدہ اسکواڈ میں مظہر عباس، امین یوسف (گول کیپرز)، محمد خالد بھٹی، سید کاشف شاہ، محمد علیم بلال (فل بیک)، رضوان جونیئر، محمد توثیق( نائب کپتان)، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ، زوہیب اشرف (ہاف بیکس) جبکہ فارورڈز میں عمر بھٹہ(کپتان)، محمد عمیر، محمد دلبر، ارسلان قادر، تصور عباس، محمد عرفان، رضوان علی، عرفان انور اور محمد کاشف جاوید شامل ہیں۔ یاد رہے کہ مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں16 ٹیمیں ٹائٹل کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی، انھیں چارگروپس اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے، اے میں پاکستان، جرمنی، بیلجیئم اور مصر، بی میں آسٹریلیا، اسپین، ارجنٹائن اور فرانس، سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیم2 دسمبر کو براستہ واہگہ امرتسر جائے گی جہاں سے بذریعہ ہوائی جہاز اگلی منزل نئی دہلی ہوگی، وہاں پہنچنے کے بعد گرین شرٹس ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے، پہلا میچ6 تاریخ کو مصر سے ہو گا،7دسمبر کو جرمنی جبکہ 10 تاریخ کو بیلجیئم سے مقابلہ ہونا ہے۔ پاکستانی کوچ و منیجر منظورالحسن سینئر کا کہنا ہے کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم مضبوط ہوگئی، میگا ایونٹ میں شاندار نتائج کی کوشش کریں گے۔کوچز انجم سعید اور دانش کلیم کے ساتھ پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب باہمی مشاورت سے میرٹ پر ہوا، ٹیم ورلڈ کپ میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔انھوں نے کہا کہ جونیئر ورلڈ کپ یوتھ کی جنگ ہے، تمام ٹیمیں جیت کا عزم لیے شریک ہوں گی، ہمارا ہدف بھی پہلی پوزیشن کا حصول ہے، سینئر ٹیم کے 8کھلاڑیوں نے ایشین چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرائی تو کامیابی یقینی ہے۔سابق کپتان نے کہا کہ گو ہمارے گروپ میں شامل ٹیمیں آسان نہیں تاہم اگر مصر کے خلاف پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تو جرمنی پر فتح کا امکان بڑھ جائے گا۔