شہباز تتلہ نے میری بیوی سے زیادتی کی جس پر اسے قتل کیا مفخر عدیل

شہباز تتلہ کو قتل کرکے پہلے گوجرانوالہ، پھر اسلام آباد اور پھر گلگت بلتستان چلا گیا، گرفتار ایس ایس پی کا بیان


ویب ڈیسک March 11, 2020
شہباز تتلہ کو قتل کرکے پہلے گوجرانوالہ، پھر اسلام آباد اور پھر گلگت بلتستان چلا گیا، گرفتار ایس ایس پی کا بیان (فوٹو: فائل)

ایس ایس پی مفخر عدیل نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ شہباز تتلہ نے میری بیوی سے زیادتی کی جس پر اسے قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قتل کے مقدمے میں مطلوب مفرور ایس ایس پی مفخرعدیل کو سیکیورٹی اداروں کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم نے پولیس کو اپنا ابتدائی بیان ریکارڈ کرا دیا جس میں اس نے انکشاف کیا ہے کہ اسی نے شہباز تتلہ کو قتل کیا اور لاہور سے فرار ہوگیا۔

مفخر عدیل نے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا ہے کہ 2012ء میں میری سابقہ بیوی اسما ناراض ہو کر شہباز تتلہ کے گھر گئی، شہباز تتلہ کے گھر میں اس وقت کوئی موجود نہ تھا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس نے اسما کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی اور اسی بات کو لے کر میری اپنی بیوی سے علیحدگی ہوگئی۔

یہ پڑھیں: لاپتا ایس ایس پی مفخرعدیل قتل کے مقدمے میں گرفتار

مفخرعدیل نے بتایا کہ شہباز تتلہ نے میری موجودہ بیوی علیزہ کے ساتھ بھی زیادتی کی کوشش کی اور اس کو میری سابقہ بیوی کے ساتھ کی گئی حرکت کے بارے میں بھی بتایا، یہ تمام بات میری موجودہ بیوی نے مجھے بتائی جس پر میں انتقام کی آگ میں جلنے لگا اور میں نے شہباز تتلہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔

گرفتار ایس ایس پی کے مطابق شہباز تتلہ کے قتل کے بعد پہلے گوجرانوالہ گیا وہاں دو روز قیام کے بعد اسلام آباد چلا گیا اور اسلام آباد میں دو دن رہنے کے بعد وہ گلگت بلتستان چلا گیا تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے مجھے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مفخر عدیل واپڈا ٹاؤن میں کسی سے ملنے کے لیے آیا اور مخبر خاص کی اطلاع پر اسے گرفتار کیا گیا، شہبا ز تتلہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ نصیرآباد میں درج ہے، ملزم مفخر کو ابتدائی بیان سمیت آج ماڈل ٹاؤن عدالت میں پیش کیا جائے گا اور پولیس کی جانب سے ملزم کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

مقبول خبریں