بنگلادیش کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں پڑگیا

اسپورٹس ڈیسک / ایکسپریس نیوز  جمعـء 13 مارچ 2020
 17 مارچ کے بعد معاملات دیکھ کر اگلا قدم اٹھایا جائے گا،بورڈ
 فوٹو: فائل

 17 مارچ کے بعد معاملات دیکھ کر اگلا قدم اٹھایا جائے گا،بورڈ فوٹو: فائل

ڈھاکا / کراچی:  کورونا وائرس کی وجہ سے بنگلادیش کا دورئہ پاکستان بھی خطرے میں پڑگیا۔

بنگلادیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں 29 مارچ کو کراچی پہنچنا ہے، جہاں یکم اپریل کو واحد ون ڈے شیڈول ہے جبکہ ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا، مگر کورونا وائرس نے اس ٹور کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بنگلادیش خود اپنے ملک میں ورلڈ اور ایشیا الیون کے درمیان شیڈول 2 ٹوئنٹی 20 میچز اور اس سے قبل خصوصی کنسرٹ کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہی ملتوی کرچکا ہے۔

بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کے دورے کا جلد ہی جائزہ لیں گے، ہم قدم درقدم آگے بڑھیں گے اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب  کراچی میں کورونا وائرس کیسزکی وجہ سے پی سی بی سندھ حکومت سے بنگلادیشی ٹیم کے ٹور پر بھی رابطے میں ہے۔ پی ایس ایل میچز کے بعد اس معاملے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں شیڈول  آئندہ میچز کے سلسلے میں 17مارچ کے بعدکسی بھی وقت باقاعدہ اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستان ون ڈے کپ اور بنگلادیش کے ساتھ ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی میزبانی برقرار رکھنے، منسوخ کرنے یا کسی اور شہر منتقل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے کپ کے راؤنڈ میچز 25 مارچ سے 2 اپریل تک کراچی میں طے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔