جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
میر شکیل نے نواز شریف سے غیر قانونی طریقے سے 54 پلاٹ حاصل کیے، نیب فوٹو:ٹوئٹر

میر شکیل نے نواز شریف سے غیر قانونی طریقے سے 54 پلاٹ حاصل کیے، نیب فوٹو:ٹوئٹر

 لاہور: احتساب عدالت نے جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔

قومی احتساب بیورو نے جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں ان کے وکیل اعتزاز احسن نے میر شکیل سے علیحدگی میں ملاقات کےلیے عدالت سے استدعا کی جو منظور کرلی گئی۔

سماعت کے دوران نیب پراسکیوٹر حافظ اسد اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2019 میں میر شکیل الرحمان کے خلاف تحقیقات شروع کی، میر شکیل نے نواز شریف سے 54 پلاٹ فی کنال حاصل کیے جب وہ وزیراعلیٰ تھے، غیر قانونی طریقے سے ایل ڈی اے کے پلاٹ نام کروائے گئے۔

میر شکیل الرحمان کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ نیب کے پاس میر شکیل کو گرفتار کرنے کا اختیار نہیں جب کہ ہمیں ابھی تک وارنٹ آف اریسٹ نہیں دیا گیا، 34 سال بعد انہیں گرفتار کیا گیا جو بدنیتی ثابت کرتا ہے، 34 سال پرانے جرم سے متعلق نیب خاموش رہا اور اچانک اس پر کارروائی شروع کر دی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد میر شکیل الرحمن کا 11 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا تاہم میر شکیل کے وکیل اعتزاز احسن نے ریمانڈ ایک روز مزید بڑھانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ 24 مارچ کو مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا جس پر عدالت نے میر شکیل کے ریمانڈ میں ایک روز کی مزید توسیع کرکے 12 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب نے غیر قانونی اراضی کیس میں جنگ وجیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو گرفتارکیا تھا، میر شکیل الرحمان پر 1986 میں اس وقت کے وزیراعلیٰ نوازشریف سے 54 کنال اراضی سیاسی بنیادوں پر لینے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔