بھارت نے کورونا وائرس کے خوف سے آئی پی ایل منسوخ کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 13 مارچ 2020
کورونا وائرس کے خوف سے اولمپکس 2020 کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے

کورونا وائرس کے خوف سے اولمپکس 2020 کی منسوخی کا بھی خدشہ ہے

نئی دلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خوف سے انڈین پریمیئر لیگ منسوخ کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پہلے آئی پی ایل کے نئی دلی میں شیڈول میچز منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم اب بورڈ کی جانب سے پوری لیگ کو ہی منسوخ کردیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم کورونا وائرس کی وجہ سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ شائقین کرکٹ اچھے اور صحت مندانہ ماحول میں کرکٹ میچز سے لطف اندوز ہوں لہذا انڈین پریمیئر لیگ کا 13واں ایڈیشن 15 اپریل تک منسوخ کردیا گیا ہے۔

https://twitter.com/IPL/status/1238396359813652480

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے تاہم سندھ حکومت کی سفارش پر کراچی میں شیڈول پی ایس ایل فائیو کے میچز میں احتیاطی طور پر شائقین کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور کراچی میں شیڈول تمام میچز بند گراؤنڈ میں ہوں گے جس میں پی سی بی کے منظور شدہ مخصوص افراد ہی شامل ہوں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پی ایس ایل فائیو کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے

واضح رہے چین سے شروع ہونے کے بعد دنیا بھر میں پھیلنے والی اس وبا سے اب تک تقریباً ساڑھے 4 ہزار افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت بھی تباہ ہوچکی ہے اور کھیلوں سمیت تعلیمی سرگرمیاں بھی اس سے شدید متاثر ہورہی ہیں اور اب اولمپکس 2020 کی بھی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔