کورونا وائرس؛ پنجاب میں 3 ہفتوں کیلیے دفعہ 144 نافذ

ویب ڈیسک  اتوار 15 مارچ 2020
4 سے زائد افراد کے ایک مقام پر اکٹھے موجود ہونے پر پابندی ہوگی، فوٹو : فائل

4 سے زائد افراد کے ایک مقام پر اکٹھے موجود ہونے پر پابندی ہوگی، فوٹو : فائل

 لاہور: پنجاب میں کورونا وائرس کی وجہ سے 3 ہفتوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی صورت حال کی پیش نظر صوبے بھر میں احتیاطی تدابیر کے تحت دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوجائے گا اور دفعہ 144 کا نفاذ 3 ہفتوں تک رہے گا۔

پنجاب ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب مومن آغا نے کہا ہے کہ صوبائی اور مقامی انتظامیہ کو دفعہ 144 کے نفاذ  پر عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اس دفعہ کی نفاذ کے بعد چار سے زائد افراد کسی بھی جگہ اکٹھے جمع نہیں ہو سکتے۔ سماجی، سیاسی اور دیگر تقریبات معطل کردی گئی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : اسلام آباد میں ایک اور کراچی میں مزید 4 کورونا وائرس کیسز کی تصدیق

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بردار نے اپنا ہیلی کاپٹر محکمہ صحت کے حوالے کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر پنجاب کے عوام کی امانت ہے اور انہی کی سہولت کے لیے استعمال ہوگا۔ عوام کی صحت سے زیادہ کچھ اہم نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 30 سے تجاوز کر گئی ہے جس کے بعد ملک میں سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں جس میں اجتماعات پر پابندی بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔