متحدہ کی پریس کانفرنس سیاسی بیان بازی تھی شرجیل میمن

جس سیاسی جماعت کو بلدیاتی نظام پر تحفظات ہیں وہ حکومت سے بات کرے، وزیراطلاعات


Staff Reporter November 30, 2013
تاجر برادر کے زیادہ تر مسائل کافوری حل نکال لیا گیا ہے، شرجیل میمن۔ فوٹو: فائل

QUETTA: سندھ کے وزیربلدیات و اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ صنعتکاراورتاجر اس ملک کی شہ رگ ہیں اوران کے مسائل ترجیحی بنیادپرحل کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔

الیکشن کمیشن کوتمام مطلوبہ دستاویزات سندھ حکومت نے ارسال کردی ہیں،متحدہ قومی موومنٹ کی پریس کانفرنس سیاسی بیان بازی سے زیادہ نہیں تھی،ایم کیوایم سمیت جن جن سیاسی جماعتوں کوبلدیاتی نظام پرتحفظات ہیں وہ حکومت سے بات چیت کریں،حکومت کے دروازے سب کیلیے کھلے ہیں۔یہ بات انھوں نے کراچی کے صنعتکاروں اورتاجروں کے ایک وفدکے ساتھ اجلاس کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہاکہ تاجر برادری کو سائٹ میں سڑکوں، صنعتوں کوپانی کی فراہمی اور صنعتی علاقوں میں تجاوزات سمیت دیگرمسائل کا سامنا تھا،اس اجلاس میں ان تمام مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی اوراس میں زیادہ مسائل کافوری حل نکال لیا گیا ہے۔



شرجیل انعام میمن نے کہاکہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو مطلوب تمام دستاویزات حکومت سندھ کی جانب سے بھیج دیے گئے ہیں اور ان کی تمام ضروریات کو پورا کردیاگیاہے،ایم کیو ایم ماضی میں بھی ہماری اتحادی جماعت تھی اوراس صوبے کی ایک اسٹیک ہولڈرجماعت ہے،حلقہ بندیوں کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی تھی اوراس میں اعتراضات کیلیے کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز نے اعتراضات سننے اوراسے دور کرنے کے تمام اختیارات بھی سندھ حکومت نے دیے تھے،اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ حلقہ بندیاں درست نہیں ہوئی تو انھیں متعلقہ کشنر اور ڈپٹی کمشنرز کے پاس اپنے تحفظات داخل کرنا چاہیے تھے تاہم اگر اس کے بعد بھی ایم کیو ایم، مسلم لیگ (فنکنشنل)، مسلم لیگ (ن) یا کسی اورجماعت کو کوئی تحفظات ہیں تو وہ حکومت سے بات کرسکتی ہے۔انھوں نے کہاکہ کراچی آپریشن مکمل طور پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے۔