کورونا وائرس؛ سعودی حکومت نے پاکستان کو حج معاہدے کرنے سے روک دیا

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2020
وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج آپریشن پر کام روک دیا

وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج آپریشن پر کام روک دیا

 اسلام آباد: سعودی عرب کی حکومت نے پاکستان کو اس سال کے لیے حج معاہدے کرنے سے روک دیا ہے۔

سعودی حکومت نے پاکستانی حکومت کو حجاج کیلئے رہائش اور ٹرانسپورٹ معاہدے کرنے سے روک دیا ہے۔ سعودی حکومت نے کہا ہے کہ اس سال یہ معلوم نہیں کہ حج 2020 کا آپریشن مکمل ہوگا یا نہیں، لہذا پاکستان نے جن کمپنیوں سے معاہدے کرنے ہیں فی الحال وہ نہ کیے جائیں۔

پاکستان کی وزارت مذہبی امور کو سعودی عرب کی وزیر حج کا مراسلہ موصول ہوا ہے جس میں سعودی عرب نے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حج معاہدے نہ کریں، سعودی حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، صورتحال بہتر ہوتے ہی اس معاملے پر مزید آگاہ کرینگے۔

وزارت مذہبی امور نے سعودی حکومت کی اطلاع کے بعد حج آپریشن پر کام روک دیا ہے۔

سعودی حکومت نے پاکستان کے ساتھ ساتھ ان تمام ممالک کو یہ ہدایات جاری کی ہیں جہاں کے ایک لاکھ سے زائد زائرین حج کے لیے حجاز مقدس کا سفر کرتے ہیں۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی لاک ڈاؤن ہے جس کے نتیجے میں حج 2020 متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔