ون ڈے رینکنگ بالنگ کے میدان میں سعید اجمل کی بادشاہت برقرار

مسٹر ٹُک ٹُک کا بہترین بلے بازوں میں 10واں نمبر جبکہ آل راؤنڈرز میں محمد حفیظ کی پہلی سے دوسرے نمبر پر تنزلی ہوئی ہے۔


ویب ڈیسک December 01, 2013
سعیدس اجمل رواں برس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بالر ہیں ۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق بالنگ میں پاکستان کے سعید اجمل کی بادشاہت برقرار ہے تاہم حفیظ اور مصباح تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بیٹنگ کے شعبے میں بھارت کی رنز مشین ویراٹ کوہلی پہلے جبکہ پروٹیز کپتان ابراہم ڈی ویلئیرز دوسرے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے جارج بیلی تیسرے جبکہ چوتھی پوزشین پر سری لنکن بیٹسمین کمارا سنگاکارا اور جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ مشترکہ طور پر براجمان ہیں ، پاکستان کی جانب سے ٹاپ ٹین بلے بازوں میں مسٹر ٹُک ٹُک ہی شامل ہوسکے ہیں تاہم ان کا نمبر بھی دسواں ہے۔

بالنگ کے میدان میں پاکستان کے جادوگر اسپنر سعید اجمل کی بادشاہت برقرار ہے اور رواں برس سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستان اسپنر پہلے، ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن دوسرے، بھارت کے رویندر جدیجا تیسرے ، انگلینڈ کے اسٹیفن فن چوتھے اور جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

متحدہ عرب امارات اور جنوبی افریقا میں ناقص کارکردگی محمد حفیظ کو مہنگی پڑی اور آل راؤنڈرز کی بادشاہت ان سے چھن گئی، پروفیسر کی جگہ اب بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ون ڈے آل راؤنڈرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں اور محمد حفیظ آسٹریلین کھلاڑی شین واٹسن کے ہمراہ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر موجود ہیں، سری لنکا کے تلکارتنے دلشان چوتھے جبکہ بھارت کے رویندر جدیجا پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

مقبول خبریں