پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2020
کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی خصوصی پروازیں روانہ ہوئی ہیں فوٹو: فائل

کینیڈین حکومت کی درخواست پر پی آئی اے کی خصوصی پروازیں روانہ ہوئی ہیں فوٹو: فائل

 کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے نے بیرون ملک اپنا فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی آئی اے کی 2 خصوصی پروازیں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو روانہ ہوئی ہیں۔ یہ پروازیں کراچی اور لاہور سے مجموعی طور پر 600 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی ہیں تاہم دونوں پروازیں بغیر مسافروں کے خالی پاکستان واپس آئیں گی۔ روانگی سے قبل مسافروں کی جامع اسکریننگ اور ان کے سامان پر ڈس انفیکشن اسپرے کیا گیا۔

پی آئی اے پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں مسافروں کو واپس لائے گی تا کہ ان کی این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹسٹینگ کی جا سکے۔ کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی، ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 3 اپریل جب کہ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 4 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران متاثرہ مسافروں کو ترجیح دی جائے گی۔

تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کیلئے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا۔ جو مسافروں کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا جبکہ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔