کبھی جنگ کی ابتدا نہیں کی صرف اپنا دفاع کرتے ہیں، ایران کا امریکی دھمکی پر ردعمل

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2020
صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد عراق میں امریکا نے پیٹریاٹ میزائل سسٹم نصب کردیا ہے، فوٹو : فائل

صدر ٹرمپ کی دھمکی کے بعد عراق میں امریکا نے پیٹریاٹ میزائل سسٹم نصب کردیا ہے، فوٹو : فائل

تہران: ایران نے امریکی صدر کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کبھی جنگ میں ابتدا نہیں کی البتہ حقِ دفاع کو ضرور استعمال کیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے صدر ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا جھوٹ بولتا ہے، دھوکا دیتا ہے اور ایرانیوں کے قتل میں ملوث ہے۔ ایران نے کبھی جنگ کی ابتدا نہیں کی البتہ اپنا دفاع ضرور کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے ایران پر ’پراکسی وار‘ کے الزام کے جواب میں وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ جنگ کے شعلوں کو ہوا دینے کی باتیں نہ کریں، ایران کی عراق سمیت دنیا کے کسی بھی حصے میں پراکسی یا حامی قوتیں نہیں البتہ دوست ضرور ہیں۔

قبل ازيں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ عراق ميں ايران يا اُس کی حامی قوتيں امريکی فوجیوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہيں، اگر ایسا کیا گیا تو ایران کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے سنگین نتائج کی دھمکی صرف ٹویٹر پر ہی نہ دی بلکہ عراق میں اپنے سب سے خطرناک اور جددید پیٹریاٹ میزائل سسٹم نصب کر دیا ہے جس پر ایران نے اس عمل کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔