کورونا جان لیوا، اجتماع سے گریز میں حکمت ہے، طاہر القادری

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2020
اگر اجتماع کی اجازت دے دی جائے تو پھر لاک ڈاؤن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سربراہ عوام تحریک (فوٹو: انٹرنیٹ)

اگر اجتماع کی اجازت دے دی جائے تو پھر لاک ڈاؤن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، سربراہ عوام تحریک (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: منہاج القران کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک جان لیوا وبا ہے جس سے بچاؤ کے لیے اجتماع سے گریز کرنے میں حکمت ہے۔

اپنے پیغام میں ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ دین کے احکامات میں وسعت ہے تنگی نہیں، احادیث کے مطابق بارش کے موقع میں گھروں میں نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا، کورونا وائرس جان لیوا وباء ہے، اجتماع سے گریز کرنے میں حکمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام ابو حنیفہ ؒ نے نماز جمعہ کی ادائیگی کا درمیانی راستہ بھی دیا، فقہ حنفی کے مطابق امام سمیت چار نمازی ہوں تو جماعت کامل تصور ہوگی، چار نمازیوں کو اجازت دے کر باجماعت نماز کا تقاضا پورا کیا جا سکتا ہے، اگر اجتماع کی اجازت دے دی جائے تو پھر لاک ڈاؤن کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔