رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں ٹارگٹ کلرز سمیت 2 درجن سے زائد ملزمان گرفتار

بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور دیگر مسروقہ اشیا برآمد،ملزمان قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے


Staff Reporter December 02, 2013
بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور دیگر مسروقہ اشیا برآمد،ملزمان قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلرز سمیت 2 درجن سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور دیگر مسروقہ اشیا برآمد کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق گارڈن کے علاقے عثمان آباد اور رنچھوڑ لائن میں رینجرز نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب محاصرہ کیا ، اس دوران رنچھوڑ لائن سے 4 ٹارگٹ کلر گرفتار کیے گئے ، حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزمان قتل ، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھے، لیاقت آباد پولیس نے غریب آباد میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان آصف ولد رحمت اللہ اور عبدالقادر ولد ہارون کو گرفتار کرلیا ، لیاقت آباد پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک ایک رپیٹر ، ایک ٹی ٹی پستول اور 2 کلو چرس برآمد کی گئی ہے، صدر پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے قتل ، اقدام قتل ، اسٹریٹ کرائم اور دیگر وارداتوں میں ملوث 2 ملزمان فراز اور عامر کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلیں۔



ایس آئی سی پولیس نے شرافی گوٹھ میں منشیات کے اڈے پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد 2 ملزمان سلیمان بلوچ اور جعفر بلوچ گرفتار کرلیے گئے ، ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف ، سیکڑوں رائونڈ اور 9 کلو چرس برآمد ہوئی ہے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کے اڈے پر سہیل ڈاڈا اور اس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا گیا تھا لیکن وہ پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت فرار ہوگیا ، ایسٹ زون پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 5 پستول ، متعدد رائونڈ ، منشیات ، مسروقہ موبائل فون اور مسروقہ 2 موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین کے مطابق رینجرز نے اقرا سٹی ، زینت اسکوائر ، راچہ قبرستان ، محمد پور ، آگرہ تاج کالونی ، پاک کالونی ، لائنز ایریا اور ماڑی پور روڈ پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔