جونیئر ہاکی ورلڈکپ جیت کا عزم لیے پاکستانی ٹیم آج بھارت روانہ

خالد بھٹی بھی تمام آزمائشوں پر پورا اترنے پر شرکت کا پروانہ پانے میں کامیاب


Sports Reporter December 02, 2013
قومی ٹیم پہلا لیگ میچ 6 دسمبر کو مصر کیخلاف کھیلے گی ،8تاریخ کو جرمنی سے ٹاکرا ہوگا،آخری لیگ میچ میں 10دسمبر کو بیلجیئم کیخلاف بھی آزمائش ہو گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کی34 برس پرانی تاریخ دہرانے کا عزم لیے پیر کو بھارت روانہ ہوگی۔

بھارتی سرزمین پر سبز ہلالی پرچم لہرانے کا عزم لے کر میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والوں میں مظہر عباس، امین یوسف (گول کیپرز)، محمد خالد بھٹی، سید کاشف شاہ، محمد علیم بلال(فل بیک)، رضوان جونیئر، محمد توثیق( نائب کپتان)، فیصل قادر،عماد شکیل بٹ، زوہیب اشرف (ہاف بیکس) جبکہ فارورڈز میں عمر بھٹہ (کپتان)، محمد عمیر، محمد دلبر، ارسلان قادر، تصور عباس، محمد عرفان، رضوان علی اور عرفان انور شامل ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ نے محمد خالد بھٹی کی حتمی اسکواڈ میں شمولیت ان کی پریکٹس میچوں میں فٹنس اور شاندار کارکردگی سے مشروط کی تھی، 29 اور30نومبر کو قومی سینئر ٹیم کے مقابلوں میں خالد دونوں معیار پر پورا اترے جس کے بعد انھیں بھی دوسرے کھلاڑیوں کیساتھ بھارت جانے کا پروانہ جاری کردیا گیا۔

ٹیم آفیشلز میں منظور الحسن سینئر(چیف کوچ و منیجر)، طاہر زمان(چیف کوچ سینئر ٹیم و کنسلٹنٹ پی ایچ ایف)، انجم سعید، دانش کلیم (کوچز)، ڈاکٹر مبشر محسن(ٹیم ڈاکٹر) اور سید ابوذر امرائو (وڈیو اینالسٹ) شامل ہیں۔ یاد رہے کہ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن کو چار مختلف گروپس اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، جرمنی، بیلجیئم اور مصر، گروپ بی میں آسٹریلیا،اسپین،ارجنٹائن اورفرانس، گروپ سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔



پاکستانی ٹیم 6 دسمبر کو ابتدائی میچ مصر کیخلاف کھیلے گی جبکہ گرین شرٹس کا اگلا ٹاکرا 8 دسمبر کو جرمنی سے شیڈول کیاگیا ہے، قومی ٹیم لیگ کا تیسرا اور آخری میچ 10 دسمبر کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی۔چاروں گروپس سے 2، 2 ٹیمیں کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گی جس کے بعد4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز اور اس کے بعد میڈلز میچز کھیلے جائینگے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستانی ٹیم نے 1979 میں فرانس میں ہونیوالے ابتدائی جونیئر ورلڈ کپ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ حال ہی میں جاپان میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ کے 8 کھلاڑی ٹیم کا حصہ بننے کے بعد ہاکی ماہرین بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں میڈلز کی دوڑ میں شامل ہونے کے لیے پر امید ہیں۔پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے چیف کوچ و منیجر منظور الحسن سینئر کا کہنا ہے کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے۔

''ایکسپریس'' سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں جیت کا عزم لیے بھارت آئیں گی، ہمارا ہدف بھی پہلی پوزیشن کا حصول ہوگا، سینئر ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں نے ایشین چیمپئنز ٹرافی والی کارکردگی دہرائی تو جونیئر ورلڈ کپ میں ہماری کامیابی یقینی ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ گو ہمارے گروپ میں شامل ٹیمیں آسان نہیں، تاہم قومی ٹیم مصر کیخلاف اپنے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہتی ہے تو اگلے روز شیڈول میچ میں جرمنی کو بھی زیر کرنے میں کامیاب رہے گی۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ سنیئرز ٹیم کے ساتھ 2پریکٹس میچز کھیلنے سے جہاں کھلاڑیوں کوورلڈ کپ کی تیاریوں کا اچھا موقع ملا ہے وہاں عمدہ کارکردگی دکھانے سے پلیئرزکے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔