ڈاکٹرعافیہ صدیقی تک رسائی سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب

ویب ڈیسک  بدھ 8 اپريل 2020
عافیہ صدیقی سیاسی قیدی ہیں انہیں حکومت پاکستان واپس لائے، فوزیہ صدیقی فوٹو: فائل

عافیہ صدیقی سیاسی قیدی ہیں انہیں حکومت پاکستان واپس لائے، فوزیہ صدیقی فوٹو: فائل

 کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی تک رسائی سے متعلق درخواست پر وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

امریکا میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس پھیلنے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے تحت ڈاکٹر عافیہ صدیقی تک رسائی کے لیے ان کی بہن فوزیہ صدیقی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔عدالت عالیہ میں عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی اور ان کے وکیل عرفان عزیز پیش ہوئے۔

فوزیہ صدیقی کہا کہ امریکا ان تمام قیدیوں کو ان کے آبائی ملکوں کو واپس کررہا ہے جو قتل کے الزام میں گرفتار نہیں، کورونا وائرس کے باعث فرانس،بھارت اور ایران نے بھی امریکا سے اپنے قیدی واپس لے لئے ہیں، عافیہ صدیقی سیاسی قیدی ہیں، ان کو بھی حکومت پاکستان واپس لائے۔

فوزیہ صدیقی کے وکیل عرفان عزیز نے موقف اختیار کیا کہ امریکا میں بڑھتے کورونا کیسز سے عافیہ صدیقی کی جیل میں صحت سے متعلق خدشات ہیں،3 سال سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق کوئی معلومات موصول نہیں ہوئی، دفتر خارجہ، وزارت داخلہ اور انسانی حقوق کمیشن کو عافیہ صدیقی کی معلومات سے متعلق خط بھی لکھا لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت، وزارت داخلہ اور وزارت انسانی حقوق سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری 16 اپریل تک جواب طلب کرلیا، عدالت نے ہدایت کی کہ جو قیدی بیرونِ ممالک قید ہیں موجودہ حالات میں حکومت کی ان کی واپسی سے متعلق کیا پالیسی ہے بتایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔