کورونا وائرس کب ختم ہوگا کچھ نہیں کہہ سکتے، وزیر صحت پنجاب

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اپريل 2020
لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، یاسمین راشد فوٹو: فائل

لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، یاسمین راشد فوٹو: فائل

 لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ  کورونا وائرس کب ختم ہوگا اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کورونا پر قابو کرنے میں وقت درکار ہے، کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کورونا وائرس کب ختم ہوگا، چین میں دسمبر میں کورونا وائرس آیا اور ابھی تک ہے، کورونا سے متاثرہ افراد کی صحت یابی احتیاط سے مشروط ہے، کورونا سے بچاوَ کے لیے سماجی دوری ضروری ہے، لوگوں میں شعور آگیا ہے اور وہ اب سماجی دوری کی اہمیت سمجھنے لگے ہیں۔ عوام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، گزشتہ 3 ہفتوں سے لاک ڈاوَن کا سامنا کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، لاک ڈاؤن بڑھانے یا اس میں نرمی کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ کون سے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے، جہاں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں سختی زیادہ کی جائے گی۔

وزیر صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کا پلازما سے علاج کے لیے کام شروع کیا جاچکا ہے، کورونا سے صحتیاب مریضوں کا کم از کم 2 دفعہ ٹیسٹ کرکے پھر پلازما لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نسبت شمالی پنجاب کی جانب کورونا وائرس کے کیسز زیادہ تعداد میں سامنے آ رہے ہیں، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور جہلم میں کورونا وائرس کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔