کورونا وائرس تھائی لینڈ میں نومولود بچوں کیلیے انوکھے ’فیس ماسک‘

بچوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے نرسوں نے ہنگامی بنیادوں پر اپنی مدد آپ کے تحت ماسک بنائے


ویب ڈیسک April 12, 2020
اسپتال کی نرسوں نے یہ ماسک اپنی مدد آپ کے تحت بنائے، فوٹو : ٹویٹر

تھائی لینڈ میں کرونا وائرس کی وبا سے شیر خوار بچوں کو محفوظ رکھنے کیلیے مقامی اسپتال کی نرسوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خصوصی فیس ماسک تیار کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے پرارام 9 اسپتال کی نرسوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نومولود اور شیر خوار بچوں کے لیے خصوصی فیس ماسک بنایا ہے۔ یہ ہیلمٹ کی طرح پہنا جا سکتا ہے اور پورا چہرہ شیشے سے ڈھکا ہوتا ہے۔

Fasial Mask for bornbaby 1

اسپتال کی نرسوں نے یہ ماسک ہنگامی طور پر سب سے پہلے اُس وقت بنایا جب ایک خاتون کے یہاں جڑواں بچے ہوئے اور اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد انہیں پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے بہت دور جانا تھا جس پر نرسوں نے بچوں مہلک وائرس سے بچانے کیلیے یہ ماسک تیار کیا۔

اسپتال انتظامیہ نے اپنی فیس بک پوسٹ پر نرسوں کے جذبے کو سراہتے ہوئے لکھا کہ چہرے کے ماسک صرف قلیل مدتی تحفظ کا ایک ذریعہ ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے اسپتال میں ایک بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں۔



واضح رہے دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی ہے جب کہ 16 لاکھ سے زائد افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں۔