چین کے ساحل پر لاکھوں افراد کا رش، انتظامیہ کی جانب سے نئی حد مقرر

1.8 کلومیٹر طویل یہ ساحل ہفتے کے اختتام پر لوگوں سے اس قدر بھر جاتا ہے کہ وہاں چلنا پھرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے


ویب ڈیسک August 15, 2026

چین کے شہر شینژین میں واقع ڈیمیشا بیچ گرمیوں کے موسم میں غیر معمولی رش کے باعث دنیا کے مصروف ترین ساحلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ تقریباً 1.8 کلومیٹر طویل یہ ساحل ہفتے کے اختتام پر لوگوں سے اس قدر بھر جاتا ہے کہ وہاں چلنا پھرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

مقامی حکام نے شدید رش کے باعث مئی سے اکتوبر تک ساحل پر روزانہ آنے والے افراد کی تعداد 80 ہزار تک محدود کر دی ہے۔ ساحل پر جانے کے لیے سیاحوں اور مقامی افراد کو لازمی طور پر پیشگی بکنگ کرانا ہوتی ہے۔

ڈیمیشا بیچ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ماضی میں بعض مواقع پر ایک ہی وقت میں تقریباً دو لاکھ افراد ساحل پر موجود رہے، جس کے باعث لوگوں کے لیے آرام کرنا، تیراکی کرنا حتیٰ کہ سمندر کے پانی تک پہنچنا بھی مشکل ہوگیا۔

ساحل پر آنے والے بعض سیاحوں نے آن لائن پلیٹ فارمز پر اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے شدید رش کی شکایت کی ہے۔ بعض کا کہنا ہے کہ لوگوں کی غیر معمولی تعداد کے باعث وہ ساحل سے پانی تک پہنچنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے۔

اگرچہ ڈیمیشا ایک عوامی ساحل ہے اور اصولاً ہر شخص یہاں آسکتا ہے۔ لیکن بڑھتی ہوئی مقبولیت اور بھیڑ کے باعث شینژین انتظامیہ نے رسائی محدود کرنے اور لازمی ریزرویشن کا نظام نافذ کیا ہے تاکہ ساحل پر ہجوم کو کسی حد تک قابو میں رکھا جا سکے۔