کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلیے سرحدیں مزید 2 ہفتے بند رکھنے کا اعلان

نمائندگان ایکسپریس / این این آئی  منگل 14 اپريل 2020
پنجاب میں لاک ڈاؤن کے 3ہفتے مکمل،سندھ چوتھے ہفتے میں داخل،لاہور میںڈھائی ہزار افراد سے گھروں میںرہنے کے بیان حلفی
 فوٹو: فائل

پنجاب میں لاک ڈاؤن کے 3ہفتے مکمل،سندھ چوتھے ہفتے میں داخل،لاہور میںڈھائی ہزار افراد سے گھروں میںرہنے کے بیان حلفی فوٹو: فائل

 لاہور /  راولپنڈی /  اسلام آباد / کراچی: لاہور راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے لاک ڈاون کو تین ہفتے مکمل ہوگے،کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن چوتھے ہفتے میں داخل ہوگیا ،پنجاب میں لاک ڈاون کی ابتدائی مدت ختم ہونے کا آج آخری روز ہے۔

وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر ملکی سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق یہ فیصلہ کورونا پھیلاو کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے، لاہور شہر میں کورونا کے زیادہ مریض سامنے آنے پر شہر کے 10علاقے سیل ہیں،لاہور میں اب تک غیرضروری سفر کرنے والے ایک لاکھ 18 ہزار شہریوں کو وارننگ دے کر واپس گھروں کو بھجوایا گیا ہے جبکہ ڈھائی ہزار افراد سے دوبارہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کے  بیان حلفی لیے گئے ہیں۔

سندھ پولیس کے مطابق صوبے میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 6 ہزار افراد کو گرفتار، 1885 مقدمات درج کئے گئے۔ کراچی پولیس کے مطابق لاک ڈاؤن کے21 ویں روز 580 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔