ڈونلڈ ٹرمپ کا عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 15 اپريل 2020
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپانے پر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکی، ڈونلڈ ٹرمپ کا الزام۔ فوٹو؛ فائل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپانے پر عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکی، ڈونلڈ ٹرمپ کا الزام۔ فوٹو؛ فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے (ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپانے اور اس حوالے سے بد انتظامی پر (ڈبلیو ایچ او) عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری طور پر روکنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کی وباء روکنے سے متعلق اپنی ذمہ داری اداکرنے میں ناکام رہا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکی صدر نے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز روکنے کی دھمکی دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیا عالمی ادارہ صحت نے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے چین میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے طبی ماہرین بھیجے، اگر ایسا ہوتا تو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا تھا اور اموات کی تعداد بھی کم ہوتی۔

دوسری جانب اس امریکی اقدام کے خلاف عالمی سطح پر سخت ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ یہ وقت عالمی ادارہ صحت کے لیے امریکی امداد روکنے یا اس میں کمی کا نہیں ہے بلکہ یہ وقت اتحاد و یکجہتی اور بین الاقوامی برادری کے کورونا وائرس سے نمٹنے اور اس کے نتائج کو روکنے کے لیے مل کر کام کرنے کا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے کہا کہ امریکی فیصلے سے تمام ممالک متاثر ہوں گے۔ جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وائرس کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اورہمیں اس کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔

برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جیسنڈرا آرڈرن نے کہا کہ ڈبلیو ایچ اوکے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔

مائیکروسافٹ کے شریک بانی اور چیئرمین بل گیٹس نے ٹوئٹ میں کہا کہ صحت کے بحران کے دوران ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ روکنا خطرناک ہے، ڈبلیو ایچ او کے اقدامات سے وائرس کو پھیلنے سے روکنے میں مدد ملی ہے اگر ڈبلیو ایچ او کا کام رک جاتا ہے تو کوئی دوسری تنظیم اس کی جگہ نہیں لے سکتی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فنڈز روکنے کی دھمکی دی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر ’’چین کی جانب داری‘‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ اس ادارے نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے فیصلوں اور عملی اقدامات میں بہت تاخیر کی جس کی وجہ سے یہ عالمی وبا سنگین ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔