وزیراعظم کا کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کی کابینہ سے چھٹی کا فیصلہ

رضوان غلزئی  جمعرات 16 اپريل 2020
وزیراعظم آفس نے وزارتوں کی کارکردگی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کردی
 (فوٹو: فائل)

وزیراعظم آفس نے وزارتوں کی کارکردگی رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت کردی (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے وفاقی وزرا کی چھٹی کا فیصلہ کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اپنی ٹیم کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور  توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے وفاقی وزرا کی چھٹی کا بھی امکان ہے, ذرائع کے مطابق وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ 48 رکنی وفاقی کابینہ کے باوجود کئی وزارتوں اور ان کے ماتحت محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔

ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کی کارکردگی خود جانچنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وزیراعظم آفس کی جانب سے وفاقی وزراء کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارتوں کی کارکردگی رپورٹس جمع کرائیں اور  وزارتوں کے قلمدان سنبھالنے سے لے کر اب تک ہونے والے اجلاسوں، فیصلوں اور ان پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی رپورٹس بھی جمع کرائی جائیں، جب کہ ہر وفاقی وزیر اپنی وزارت کے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مشتمل پلان بھی وزیراعظم آفس بھجوائے۔

وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزرا اپنے دور میں وزارتوں میں کیے گئے اقدامات پر باقاعدہ بریفنگ دیں گے اور وزیراعظم کارکردگی رپورٹس کی بنیاد پر وزرا کے مستقبل کے بارے میں فیصلے کریں گے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔