کے پی کے میں کورونا کے 71 نئے کیسز رپورٹ 98 افراد جاں بحق

کورونا وائرس سے جاں بحق چار افراد کا تعلق پشاور جب کہ ایک کا سوات سے ہے، رپورٹ محکمہ صحت


ویب ڈیسک April 26, 2020
کورونا وائرس سے جاں بحق چارافراد کا تعلق پشاور جب کہ ایک کا سوات سے ہے، رپورٹ محکمہ صحت۔ فوٹو: فائل

خیبر پختون خوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 71 نئے کیسز رپورٹ ہوگئے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق 2 نئے کیسز طورخم بارڈر کے حوالے سے بنائے گئے قرنطینہ سینٹر سے بھی رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 1864 ہوگئی جب کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 98 ہوگئی۔

محکمہ صحت کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کورونا وائرس سے چارجاں بحق افراد کا تعلق پشاور اور ایک کا سوات سے ہے جب کہ صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ایل آر ایچ کے مزید چار ڈاکٹرز اور ایک کلاس فور کورونا سے متاثر ہوگئے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کورونا سے متاثرہ چاروں فیمیل ڈاکٹرز ہیں جن میں دو ٹی ایم اوز اور دو ایچ اوز شامل ہیں مذکورہ ڈاکٹرز مختلف وارڈز میں ڈیوٹی سرانجام دے رہی تھیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق متاثرہ کلاس فور ایڈمن آفس میں ڈیوٹی پر مامور تھا جوکہ کورونا وائرس کا شکار ہو گیا ہے۔ متاثرہ اسٹاف کو گھروں اور ہاسٹل میں کورنٹائن کر دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں