ورلڈ اسنوکر محمد آصف نے پانچواں میچ جیت لیا

شاہد آفتاب نے چوتھے مقابلے میں کرزیستوف روبیل کوہرا دیا،عمران شہزاد بھی کامیاب


Sports Reporter December 04, 2013
چوتھے فریم میں25-60 سے ناکامی کے بعد پانچویں فریم میں عالمی چیمپئن نے103-12 سے کامیابی پا کر3-2 کی سبقت پائی۔ فوٹو: فائل

NEW YORK: دفاعی عالمی چیمپئن محمد آصف نے آئی بی ایس ایف عالمی امیچر اسنوکر چیمپئن شپ میں اپنا پانچواں میچ بھی جیت لیا۔

لیٹویا کے شہر ڈاؤگا پلس میں جاری چیمپئن شپ میں ناقابل شکست محمد آصف نے اپنے حریف آئر لینڈ کے ڈیوڈ ہوگن کو4-3 سے مات دی، انھوں نے پہلے فریم میں 24-74 سے مات کے بعددوسرا106-24 سے جیت کر مقابلہ 1-1 کرنے کے بعد تیسرا فریم91-47 سے جیتا،چوتھے فریم میں25-60 سے ناکامی کے بعد پانچویں فریم میں عالمی چیمپئن نے103-12 سے کامیابی پا کر3-2 کی سبقت پائی، حریف مقابل نے اگلا فریم 77-28 سے اپنے نام کرکے مقابلہ3-3 کر دیا۔



بعدازاں عالمی چیمپئن نے ساتویں فریم میں اپنی دسترس قائم کرتے ہوئے77-37سے کامیابی پاکر اہلیت ثابت کردی،پاکستان کے شاہد آفتاب نے اپنے چوتھے میچ میںپولینڈ کے کرزیستوف روبیل کو4-0 سے ہرا دیا جبکہ عمران شہزاد نے اپنے چوتھے میچ میںانگلینڈ کے جون وئٹی کو4-2 سے قابو کیا، محمد سجاد پہلے ہی اپنا چوتھا میچ جیت چکے ہیں، واضح رہے کہ پاکستان کے چاروں کیوئسٹ اپنے چاروں میچ جیت کر ناک آوٹ مرحلے تک رسائی کر چکے ہیں، جمعرات سے شروع ہونے والے ناک آئوٹ رائونڈ میں72 کیوئسٹ قسمت آزمائی کریںگے۔