پاکستان کو قرض آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس 19 دسمبر کو ہوگا

6.65 ارب ڈالر کے نئے قرضے سے دوسری قسط کے اجرا سے متعلق امور کا جائزہ لیاجائے گا


INP December 04, 2013
آئی ایم ایف حکام سرمایہ وٹیکس ایمنسٹی اسکیم کومعاہدے کی خلاف ورزی سمجھ رہے ہیں۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس19دسمبرکوواشنگٹن میں ہوگاجس میں پاکستان کو 6.65 ارب ڈالرکے نئے قرضے سے 37 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط دینے سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائیگا۔

منگل کووزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سر مایہ کاری ٹیکس ریونیوکے حجم میں اضافے کے لیے وزیر اعظم نوازشریف کی حالیہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم خطرے میں پڑگئی،آئی ایم ایف کے بورڈآف ایگزیکٹو کا اجلاس 19 دسمبرکو واشنگٹن میں منعقدہوگاجس میں پاکستان کیلیے نئے قرضے کی37 کروڑڈالرکی دوسری قسط کی ادائیگی کا فیصلہ بھی ہوناہے تاہم اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف حکام وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے سرمایہ کاری و ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے اعلان کوگزشتہ جولائی میں حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی سمجھ رہے ہیں۔



لہٰذا آئی ایم ایف نے بورڈ آف ایگزیکٹو کے اجلاس میں مذکورہ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیاہے جس کے بعد ہی پاکستان کونئے قرضے کی 37 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط کی ادائیگی حتمی فیصلہ کیا جائے گا،آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی دستاویزات پہلے ہی طلب کر لی ہیں۔