کراچی میں سوتے ہوئے کتے کو گولی مارنے کی ویڈیو پر اداکارہ اشنا شاہ آبدیدہ

لوگ کتے کی ویڈیو بنا رہے تھے لیکن کوئی اس بے زبان کی مدد کے لیے باہر نہیں آیا، اداکارہ


ویب ڈیسک May 01, 2020
لوگ کتے کی ویڈیو بنا رہے تھے لیکن کوئی اس بے زبان کی مدد کے لیے باہر نہیں آیا، اداکارہ (فوٹو: فائل)

پاکستانی اداکارہ اشنا شاہ اس وقت شدید رنج و غم میں مبتلا ہوگئیں جب انہوں نے کراچی میں آوارہ کتے کو بے رحمی سے گولی مارنے کی ویڈیو دیکھی۔

اشنا شاہ نے انسٹا گرام پر اپنی ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ غم کے عالم میں کتے کی ویڈیو کے حوالے سے بتارہی ہیں کہ میں نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک کتا بلڈنگ کے پاس سو رہا ہے اور کوئی اوپر سے اس پورے واقعے کی ویڈیو بھی بنا رہا ہے تاہم اس دوران سیکیورٹی کی گاڑی آتی ہے اور گارڈ گاڑی سے اتر کر کتے کو گولی مار دیتا ہے۔

[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/B_i1XyABG8d/"]

اشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ گولے لگنے کی وجہ سے کتے کا خون بہنے لگا اور پھر کتا چیخ چیخ کر تکلیف کے عالم میں تڑپ کر مرگیا، لوگ صرف دیکھ رہے تھے اور ویڈیو بنا رہے تھے لیکن کوئی اس بے زبان کی مدد کے لیے باہر نہیں آیا۔

https://twitter.com/ACFAnimalRescue/status/1254652496133394432

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر یہ کتا سوسائٹی میں کسی کو تنگ کر رہا تھا یا کاٹ رہا تھا تو اس کی وجہ کتے کے ساتھ پیش آنے والا کوئی واقعہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ جانور کسی عمل پر ردِ عمل ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانور ہمیشہ اپنے بچاؤ اور جگہ کے لیے حملہ کرتے ہیں، بلا وجہ حملہ نہیں کرتے یہ کام انسان کرتے ہیں نہ کہ جانور۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ اس کتے کو کسی بھی تنظیم سے رابطے کے بعد اس کے حوالے کیا جاسکتا تھا لیکن افسوس کہ اسے گولی مار دی گئی۔