8 ارب کے بے نامی اثاثوں کا سراغ‘ نجی کمپنی کیخلاف ریفرنس دائر

ڈائریکٹر جنرل انسداد بے نامی ڈاکٹر بشیر اللہ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے شواہد اکٹھے کئے،ایف بی آر ذرائع


Irshad Ansari May 07, 2020
ڈائریکٹر جنرل انسداد بے نامی ڈاکٹر بشیر اللہ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے شواہد اکٹھے کئے،ایف بی آر ذرائع۔ فوٹو، فائل

RAWALPINDI: ایف بی آر کے انسداد بے نامی ڈپارٹمنٹ نے ملک کے مختلف شہروں میں 8 ارب روپے سے زائد مالیت کے بے نامی اثاثے رکھنے والی میسرز ٹیکنو انجینئرنگ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ اور اسکی بے نامی دارکارپوریٹ کمپنی ایس اے ایس پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا۔

ریفرنس زون ون اسلام آباد کی جانب سے ایڈجو ڈیکیٹنگ اتھارٹی بینچ ون اسلام آباد میں دائر کیا گیا، بے نامی کمپنی کے بینیفشل اونر، بورڈ آف ڈائریکٹرز و شیئر ہولڈرز کا بھی سراغ لگالیا گیا ہے جبکہ ریفرنس میں بینفیشنل اونر کمپنی ٹیکنو انجنئیرنگ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کو بھی ملزم بنایا گیا گیا ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل انسداد بے نامی ڈاکٹر بشیر اللہ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے شواہد اکٹھے کئے، مذکورہ بے نامی دار کمپنی نے پچاس ہزار کنال سے زائد پراپرٹی ایک ارب پچانوے کروڑ روپے میں خریدی، ایف بی آر نے آٹھ بڑے بنک اکاؤنٹس سمیت دیگر اکاونٹس سے ہونیوالی ادائیگیوں کی تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔

روزنامہ ایکسپریس کو دستیاب ریفرنس کی کاپی کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے مہنگے کاروباری علاقے بلیو ایریا کے ملک کمپلیکس 80 ایسٹ جناح ایونیوکے فورتھ فلور کے فلیٹ نمبر پندرہ سولہ میں قائم ایس اے ایس پرائیویٹ لمیٹڈ کی راولپنڈی، اٹک، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، لیہ، مظفر گڑھ، سیالکوٹ، جہلم، چکوال سمیت دس شہروں میں 50 ہزار پانچ سو تین کینال بے نامی جائیدادیں ہیں۔