ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 28 ہزار736 ہوگئی، 636 جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 مئ 2020
24 گھنٹوں کے دوران مزید 1262 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، 18 افراد لقمہ اجل بن گئے

24 گھنٹوں کے دوران مزید 1262 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، 18 افراد لقمہ اجل بن گئے

 اسلام آباد: ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1262 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ 18 مریض جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1262 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 18 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ اس طرح  کورونا کے مصدقہ مریض 28 ہزار 736 ہوگئے جب کہ 636 جاں بحق ہوگئے۔

سندھ میں 10 ہزار 771، پنجاب  میں 10 ہزار 471، خیبرپختونخوا 4509، بلوچستان 1876، اسلام آباد 609، آزاد کشمیر 79 اورگلگت بلتستان میں 421 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیبرپختونخوا خطرناک

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 636 ہو گئی ہے، سب سے زیادہ خیبر پختون خوا میں کورونا سے 234 اموات ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 191، سندھ میں 180، بلوچستان 24، اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں کورونا سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سندھ میں کورونا میں ریکارڈ اضافہ، ایک روز میں 1080 کیس سامنے آگئے، وزیراعلیٰ

کورونا وائرس سے متاثرہ خاتون کے ہاں بچے کی ولادت 

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے ڈاؤ یونیورسٹی اسپتال میں کورونا سے متاثرہ خاتون کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔ نومولود کو فوری طور پر اسپتال میں بچوں کے یونٹ منتقل کردیا گیا ہے۔یہ  ڈاؤ اسپتال اوجھا میں کورونا سے متاثرہ حاملہ خاتون کے آپریشن کاپہلا کیس ہے۔ 35 سالہ خاتون ڈاؤ اسپتال میں رجسٹرڈ تھیں۔  گذشتہ ہفتے علامات ظاہر ہونے پر کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔  ٹیسٹ مثبت آنے پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔  معینہ مدت پر آج کامیاب آپریشن کے ذریعے بیٹے کی ولادت ہوئی۔ بچے کا کورونا وائرس کا ابتدائی ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس کی ویکسین 9 ماہ میں آسکتی ہے، بل گیٹس

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔