سندھ میں کورونا میں ریکارڈ اضافہ، ایک روز میں 1080 کیس سامنے آگئے، وزیراعلیٰ

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 مئ 2020
ایک گاؤں پیر جو گوٹھ میں 277 کیسز مثبت آگئے، مراد علی شاہ

ایک گاؤں پیر جو گوٹھ میں 277 کیسز مثبت آگئے، مراد علی شاہ

 کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ایک روز میں کورونا کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے اور 1080 افراد میں مرض کی تصدیق ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 5498 ٹیسٹ کئے تو ریکارڈ 20 فیصد 1080 افراد میں کورونا تشخیص ہوا، جن میں سے کراچی میں 583 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک گاؤں میں 277 کیسز مثبت آئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس وبا سے 24 گھنٹوں میں 1080 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں کورونا مریضوں کی تعداد 10771 ہوگئی ہے،  ہم نے کراچی میں مختلف دکانوں اور سبزی فروشوں کے پاس عوام کے ٹیسٹ کئے ہیں تو ان میں سے کچھ دکاندار اور وہاں پر موجود گاہک کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں 4 روز کے دوران 277 کیسز مثبت آئے ہیں، یہ انتہائی تشویش کی بات ہے اور اب عوام کو سمجھنا ہوگا کہ صورتحال کیا بن رہی ہے، یہ ایک چھوٹے گاؤں میں بہت زیادہ کیسز ہیں، پیر جو گوٹھ میں ایک خاتون جس کو اچانک تکلیف ہوئی اور انتقال کرگئی تھی، وہ عورت حیدرآباد سے گھوم کر آئی تھی جس سے کورونا پھیلا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پیر جو گوٹھ میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی صورتحال دیکھ کر شدید پریشان ہوں، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ہم لاک ڈاؤن کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں اور ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔