حکومت کورونا سے نہیں اپوزیشن سے لڑ رہی ہے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 مئ 2020
 نیب کے جھوٹے مقدموں سے ہمارے قدم لرزنے والے نہیں,احسن اقبال۔ فوٹو، فائل

نیب کے جھوٹے مقدموں سے ہمارے قدم لرزنے والے نہیں,احسن اقبال۔ فوٹو، فائل

 لاہور /  اسلام آباد: مسلم لیگ کے رہنماؤں نے شہبازشریف اوررانا ثنااللہ کی  نیب کی جانب سے طلبی کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے نہیں اپوزیشن سے جنگ لڑرہی ہے۔ 

لاہور میں نواز لیگ کی پریس کانفرنس میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ  40 ارب ای اوبی آئی کی کرپشن کی نذرہوگئے۔،نیب کویہ کیوں نظرنہیں آتا۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے نہیں اپوزیشن سے جنگ لڑ رہی ہے۔  نیب کے جھوٹے مقدموں سے ہمارے قدم لرزنے والے نہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے کے نیب سے متعلق   بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید واضح کریں کہ وہ نیب کے پی آراو ہیں یا خود کو نیب کا ڈی فیکٹو چیئرمین سمجھتے ہیں۔ لگتا ہے کہ وزیر اعظم کو کورونا وائرس کی ویکسین مل گئی ہے جس کا نام نیب ہے۔

یہ بھی پڑھیے:شہباز شریف کو لندن واپس جانےکی اجازت نہیں ملےگی،شیخ رشید

خواجہ سعد رفیق کا  کہنا تھا کہ  حکومت سیاسی انتقام لے کر وقت ضائع کررہی ہے۔ جب ہزاروں سرکاری اہل کار موجود ہیں تو ٹائیگر فورس بنانے کی کیا ضرورت تھی۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلیایازصادق نے  حکومت اوراپوزیشن کےدرمیان نیب قوانین پر  مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے نیب قوانین میں ترمیم کے بجائے اس ادارے ہی کو ختم ہوجانا چاہیے۔

دوسری جانب مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم  شاہدخاقان عباسی  نے چینی بحران سے متعلق تحقیقاتی کمیشن میں پیش ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کا دفترہے۔ چینی کی قیمت ای سی سی اور وزیراعظم کی کابینہ نے بڑھائی۔عوام کی جیب پر سو ارب روپے کا ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کی جوابی تنقید

مسلم ن کی قیادت کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ سیاست کوکاروبارکاذریعہ بنانےوالےعوام کومزیدگمراہ نہیں کرسکتے۔ ن لیگ کی قیادت اگرآپ بےگناہ ہیں توفکرکس بات کی؟سوالوں کےجواب دیں۔ ن لیگ کی قیادت آج بویاکاٹ رہی ہے۔لمبی لمبی پریس کانفرنس اس کاثبوت ہےکہ آپ کےپاس کوئی قانونی دفاع نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کورونا وائرس کی وبا سےلڑرہےہیں جب کہ  ن لیگ عمران خان اورنیب پر برس رہی ہے۔ وزیراعظم کےفیصلوں کامحورعوام کی زندگی کاتحفظ اورسہولتوں کی فراہمی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔