صحرا میں فتح کی پیاس بجھانے کا عزم ٹیم دبئی روانہ

محمدحفیظ کانجی مصروفیات کےسبب ایک روزتاخیر سے جانےکافیصلہ، افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی کیلیےسعیداجمل دستیاب نہیں ہوں گے


Sports Reporter December 05, 2013
پروٹیزکو ان کے دیس میں ہی زیر کرنے سے کوچ ڈیو واٹمور کے حوصلے بلند ہوگئے،اسکرین شاٹ:ایکسپریس نیوز

صحرا میں فتح کی پیاس بجھانے کا عزم لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ شب دبئی روانہ ہو گئی،اسکواڈ میں شامل بیشتر نوجوان کھلاڑیوں سے شائقین کو بلند توقعات وابستہ ہیں۔

وہ ورلڈ ٹوئنٹی20 سے قبل اپنا کیس مضبوط بنانے کا سنہری موقع پائیں گے، کپتان محمد حفیظ نے نجی مصروفیات کے سبب ایک روز تاخیر سے روانگی کا فیصلہ کرلیا، افغانستان کیخلاف8 دسمبر کو شیڈول مختصر طرز کے واحد میچ کے لیے سعید اجمل دستیاب نہیں ہوں گے، پروٹیزکو ان کے دیس میں ہی زیر کرنے سے کوچ ڈیو واٹمور کے حوصلے بلند ہوگئے، ان کا کہنا ہے کہ معاہدے کا اختتام شاندار نتائج اور خوشگوار یادوں کے ساتھ کرنا چاہتا ہوں، خواہش ہے کہ اگلے2 ماہ میں ٹیم بہترین کرکٹ کھیلے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے آئی لینڈرز کا یو اے ای میں شکار کرنے کے لیے تیاری مکمل کرلی، اسکواڈ گذشتہ شب دبئی روانہ ہوگیا ،گرین شرٹس یو اے ای میں موزوں کنڈیشنز کے باوجود پروٹیز کیخلاف ٹوئنٹی 20اور ون ڈے سیریز میںیکسر ناکام رہے تھے،اس بار پلیئرز بہتر کھیل کا عزم لیے میدان میں اتریں گے۔

ٹوئنٹی 20اسکواڈ میں شامل احمد شہزاد، شرجیل خان، صہیب مقصود، عمر اکمل، عمرامین، شاہد آفریدی، ذوالفقار بابر، بلاول بھٹی، جنید خان، سہیل تنویر، انور علی اور حارث سہیل ٹور پر گئے ہیں ، کپتان محمد حفیظ نجی مصروفیات کی وجہ سے ایک روزتاخیر سے جائیں گے۔ سعید اجمل کی چند روز بعد روانگی کا فیصلہ پہلے ہی کیا جاچکا ہے، اسپنر افغانستان کیخلاف 8 دسمبر کوشیڈول واحد ٹوئنٹی 20 میچ میں شریک نہیں ہوں گے، وہ11 دسمبر سے دبئی میں شروع ہونیوالی مختصر فارمیٹ کی سیریز سے قبل دیگر کھلاڑیوں کو جوائن کرلیں گے، دوسرا مقابلہ بھی اسی وینیو پر 13 دسمبر کو شیڈول ہے۔



پاکستان نے 16 مارچ سے بنگلہ دیش میں شروع ہونے والی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اپنے ترکش میں موجود نئے تیر آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے زیادہ تر نوجوان کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے، محمد حفیظ، شاہد آفریدی، سعید اجمل، سہیل تنویر، اور ذوالفقار بابر کی صورت میں چند آزمودہ کار کرکٹرز ضرور موجود ہیں،البتہ ڈومیسٹک ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں بھر پور فارم کا مظاہرہ کرنے والے حارث سہیل اور شرجیل خان سمیت نئے ٹیلنٹ سے بلند توقعات وابستہ ہوگی، جونیئرز کا فلاپ شو ایک بار پھر تجربہ کار شعیب ملک اور عبدالرزاق کی واپسی پرغور کرنے پر مجبور کرسکتا ہے، دونوں آل رائونڈرز یو اے ای میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران ناکامی کے ساتھ ساتھ انجریز کا شکار بھی ہوگئے تھے۔

کوچ ڈیوڈ واٹمور پروٹیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں فتح پر ابھی تک مسرور نظر آرہے ہیں۔ سماجی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو اس کے ہوم گرائونڈ پر زیر کرنے والی پہلی ٹیم کا اعزاز حاصل کرنے والے گرین شرٹس کی کارکردگی پر فخر ہے، میری خواہش ہے کہ اگلے 2 ماہ پاکستان یو اے ای میں بہترین کرکٹ کھیلے، پی سی بی کے ساتھ معاہدے کا اختتام شاندار نتائج اور خوشگوار یادوں کے ساتھ کرنا چاہتا ہوں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین اب تک مجموعی طور پر 10 ٹوئنٹی 20 میچز کھیلے گئے،ان میں سے گرین شرٹس نے 6 میں فتح حاصل کی، دونوں ممالک کے مابین یو اے ای میں مختصر فارمیٹ کا واحد مقابلہ نومبر 2011میں ابوظبی کے میدان پر ہوا جس میں پاکستان نے 5 وکٹ سے برتری ثابت کردی تھی، فتح کے ہیرو اعزاز چیمہ نے 30 رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کی تھیں۔