ٹیم مینجمنٹ محمد عرفان کے کیریئر سے ہی کھیل گئی

مسلسل بولنگ سے انجری کاشکار ہونے والے پیسرسری لنکا کیخلاف سیریز سے باہر


Sports Reporter December 05, 2013
ہپ میں فریکچر کے سبب ڈاکٹرز نے 6 ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا، انتخاب عالم۔ فوٹو: فائل

پاکستانی ٹیم مینجمنٹ پیسر محمد عرفان کے کیریئر سے ہی کھیل گئی، مسلسل بولنگ سے انجری کا شکار ہونے والے پیسرسری لنکا کیخلاف سیریز سے باہر ہوگئے،طویل قامت فاسٹ بولر کو 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیاگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لمبے قد کی بدولت محمد عرفان پاکستان کا مہلک ہتھیار بن چکے ہیں، بائونس کی وجہ سے بہترین بیٹسمین بھی پیسر کی گیندوں کو کھیلنے میں خاصی دشواری محسوس کرتے ہیں،دوسری طرف عرفان کی فٹنس مثالی نہیں لہذا کیریئر طویل کرنے کیلیے ڈاکٹرز انھیں احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں، جنوبی افریقہ کیخلاف یو اے ای میں سیریز کے دوران انھیں بغیر آرام کے مسلسل تینوں فارمیٹس میں کھلایا گیا، بالآخر ٹوئنٹی 20 میچ کے دوران ان کی ہمت جواب دے گئی، ہپ فریکچر کی وجہ سے دورئہ جنوبی افریقہ میں ٹیم کو ان کا ساتھ حاصل نہیں تھا۔



رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کیخلاف ٹوئنٹی20 سیریز کیلیے انھیں منتخب نہیں کیا گیا، توقع کی جارہی تھی کہ ون ڈے سیریز نہ کھیل سکے تو کم از کم ٹیسٹ میں شرکت کے قابل ہوجائیں گے تاہم اب اس کا بھی امکان نظر نہیں آتا۔ پی سی بی کے ڈائریکٹرانٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم کے مطابق محمد عرفان کی انجری کا جائزہ لینے کیلیے جنوبی افریقہ کے بعد پاکستان میں بھی ایم آر آئی ٹیسٹ کرایا گیا جس میں ہیئر لائن فریکچر سامنے آیا، پیسرکو ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق 6 ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین پہلا ٹیسٹ 31دسمبر سے شروع ہوگا۔