کسی دھمکی اور پروپیگنڈے کی پروا کیے بغیر کام جاری رکھیں گے، چیئرمین نیب

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 مئ 2020
نیب کا کسی سیاسی، جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، جسٹس(ر)جاوید اقبال ۔ فوٹو : فائل

نیب کا کسی سیاسی، جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، جسٹس(ر)جاوید اقبال ۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی و ملک سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے کسی دباؤ، کسی دھمکی و پروپیگنڈا کی پروا کئے بغیر منزل کا تعین کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کیا ہوا ہے، بدعنوانی و ملک سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے کسی دباؤ، دھمکی اور پروپیگنڈے  کی پرواہ کئے بغیر منزل کا تعین کیا ہے جس کا مقصد وطن عزیز پاکستان کو کرپشن فری بنانا ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہمارے افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو قومی خدمت سمجھتے ہیں، نیب زیروٹالیرنس پالیسی پر قانون کے مطابق سختی سے عمل پیرا ہے، فراڈ، منی لانڈرنگ،آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کے زریعے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف تحقیقات کو منطقی انجام تک پہچائیں گے اور ملک سے لوٹی رقم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کروائی جائیں گے۔

جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا کسی سیاسی، جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی وابستگی صرف ریاست پاکستان سے ہے، نیب کی کارکردگی کو قومی و بین الاقوامی اداروں نے سراہاہے اور گیلپ سروے میں انسٹھ فیصد عوام نے نیب کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔