ادھوری قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں ڈیرے ڈال دیے

محمد حفیظ، شاہد آفریدی اور سعید اجمل بعد میں ساتھی پلیئرز کو جوائن کریں گے


Sports Reporter December 06, 2013
ینگسٹرز نے اسکواڈ میں نئی روح پھونک دی،سری لنکا کو ہرانے کیلیے پُرعزم ہیں، منیجر۔ فوٹو: محمود قریشی/فائل

ادھوری قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں ڈیرے ڈال دیے،کپتان محمد حفیظ، شاہد آفریدی، سعید اجمل ساتھ نہیں آئے ہیں۔

منیجر معین خان کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی، بلند حوصلے کے ساتھ سری لنکا کو زیر کرنے کیلیے پُر عزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چند انفرادی مسائل آڑے آنے کے نتیجے میں ادھوری رہ جانے والی قومی کرکٹ ٹیم نے دبئی میں ڈیرے ڈال دیے ہیں،کپتان محمد حفیظ اور شاہد آفریدی جمعے کو روانہ ہوں گے، سعید اجمل پہلے ہی افغانستان کے خلاف اتوار کو شیڈول میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرچکے، روانگی سے قبل لاہور ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے منیجر معین خان نے سیریز میں بہترین کھیل کا عزم ظاہر کیا۔ سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ 4نوجوان کھلاڑیوں احمد شہزاد، صہیب مقصود،بلاول بھٹی اور انور علی نے ٹیم میں نئی روح پھونک دی،ان کی کارکردگی سے سینئرز اور مجموعی طور پر قومی اسکواڈ کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم سری لنکا سے سیریز جیتنے کیلیے پُرعزم ہیں، حکمت عملی بناتے ہیں بتاتے نہیں،اس پر صورتحال کے مطابق میدان میں عمل کریں گے اور شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے گا۔



انھوں نے کہا کہ پروٹیز سے سیریز میں کلین سوئپ کرسکتے تھے لیکن کوشش کے باوجود ایسا نہ کرپائے، محمد حفیظ فٹ نہیں تھے،آفریدی کو آرام دینا ضروری تھا، بیٹنگ میںاب بھی کچھ ایسی خامیاں ہیں جن پر قابو پانے کیلیے کام کرنا ہوگا۔ معین خان نے کہاکہ شرجیل خان کو ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ پرفارمنس کی بنیاد پر بطور اوپنر ٹیم میں شامل کیاگیا،ان سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔ منیجر نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاری کا وقت نہیں مل سکا تاہم کھلاڑی دورئہ جنوبی افریقہ اور ڈومیسٹک کرکٹ کے دوارن ایکشن میں رہے، پاکستان سے ملتی جلتی متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کوئی مشکل نہیں ہونی چاہیے۔