بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں ’ پاکستانی جاسوس کبوتر‘ پکڑنے کا مضحکہ خیز دعویٰ

ویب ڈیسک  پير 25 مئ 2020
کبوتر کے پر پر گلابی نشان اور ٹانگ پر ایک ٹیگ بندھا ہوا ہے جس پر نمبرز درج ہیں، بھارتی فوج (  فوٹو : ٹویٹر)

کبوتر کے پر پر گلابی نشان اور ٹانگ پر ایک ٹیگ بندھا ہوا ہے جس پر نمبرز درج ہیں، بھارتی فوج ( فوٹو : ٹویٹر)

 سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی نااہلی اور جبری تسلط پر پردہ ڈالنے کے لیے جاسوسی کے نام پر بے چارے کبوتر کو پکڑ کر پابند سلاسل کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورس نے ایک مشکوک کبوتر کو بار بار ایک ہی راستے پر پرواز بھرتے دیکھا تو اسے پکڑ لیا، کبوتر کے پروں پر گلابی رنگ کا نشان بھی ہے اور ایک ٹانگ پر نمبر شدہ ٹیگ بھی لگا ہوا ہے جب کہ یہ کبوتر پاکستان کی سرحد سے کشمیر میں داخل ہوا تھا۔

بھارتی سیکیورٹی فورس نے ’گلابی کبوتر‘ کو مشتبہ جاسوس قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پولیس کے حوالے کردیا ہے جہاں کبوتر کو ’پاکستان کے لیے جاسوسی‘ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا جب کہ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

قابض بھارتی فوج جھنجھلاہٹ اور بدحواسی میں ایسے بے سر و پا الزامات لگا رہی ہے جس سے پوری دنیا میں ان کا خود مذاق بنتا ہے۔ 2015 میں بھی پٹھان کوٹ کے علاقے سے ’کبوتر‘ کو پکڑ کر پاکستانی جاسوس قرار دے دیا گیا تھا۔ اس خود ساختہ جرم کی پاداش میں کبوتر کے پر بھی کاٹ دیئے گئے تھے۔

سب سے مضحکہ خیز صورت حال اس وقت سامنے آئی تھی جب 2017 میں بھارتی پولیس نے بڑی تگ و دو کے بعد ایک کبوتر کو حراست میں لے لیا تھا اور اس پر بھی جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا تھا تاہم سرحدی محافظوں کی نااہلی سے در انداز کبوتر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔