جونسن نے انگلش ٹیم کے بخیے ادھیڑدیے 7 وکٹیں لے اڑے

مہمان ٹیم 172 پر ڈھیر، ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں کینگروز نے مجموعی برتری 530 رنز کرلی


AFP December 08, 2013
ایڈیلیڈٹیسٹ :انگلش بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑانے والے آسٹریلوی پیسر مچل جونسن اور دیگر میزبان پلیئرز میدان سے باہر آرہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

مچل جونسن انگلینڈ ٹیم بخیے ادھیڑ دیے، مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں انگلش بیٹسمینوں نے فاسٹ بولرزکے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

پوری ٹیم پہلی اننگز میں 172رنز پر ڈھیر ہوگئی، ای ین بیل اور مائیکل کیربیری کے سوا کوئی اور مزاحمت تک نہیں کرپایا، 8 کھلاڑیوں کو تو 7 سے آگے بڑھنا نصیب نہیں ہوا، جونسن نے 7 وکٹیں لیں، آسٹریلیا نے 398 رنز کی برتری کے باوجود بولرز کی توانائیاں بچانے کیلیے مہمان ٹیم کو فالوآن نہیں کرایا، تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کینگروز نے 3 وکٹ پر 132 رنز بنالیے، 530 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 172 رنز پر آئوٹ ہوکر شکست کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، اس بار بھی اسے مچل جونسن نے نشانہ بنایا جس کی وجہ سے برسبین میں اسے شکست ہوئی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم اب تک ایشز میں کھیلی جانے والی تین اننگز میں ایک بار بھی 180 تک نہیں پہنچ پائی ہے، گابا میں وہ 136 اور 179 رنز پر آئوٹ ہوئی تھی۔ انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کا آغاز ایک وکٹ 35 رنز سے کیا، جلد ہی جوئے روٹ بھی 15 رنز بناکر واپس لوٹ گئے، انھیں ناتھن لیون نے روجرز کی مدد سے قابو کیا۔



کیون پیٹرسن صرف 4 رنز پر سڈل کی گیند پر جارج بیلی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، مائیکل کیربیری نے 144 بالز پر 60 رنز بنائے، آخر ان کی اس مزاحمت کو شین واٹسن نے ڈیوڈ وارنر کی مدد سے کچلا، اب مچل جونسن نے انگلینڈ پر چڑھائی کی، بین اسٹروک (1) کو ایل بی ڈبلیو کیا، میٹ پرائر اور اسٹورٹ براڈ ان کی بولنگ پر صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، گریم سوان نے جونسن کی گیند پر کلارک کے ہاتھوں کیچ ہونے سے قبل صرف 7 رنز بنائے، جیمز اینڈرسن کو صفر اور مونٹی پنیسر کو 2 رنز پر بولڈ کرکے انگلش ٹیم کی کہانی 68.2 اوورز میں سمیٹ لی، دوسرے اینڈ سے ساتھیوں کی بربادی کا منظر دیکھنے والے ای ین بیل 72 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ جونسن نے 40 رنزدے کر 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ دوسری اننگز کے آغاز میں آسٹریلیا کی صرف 4 رنز پر دو وکٹیں گرگئیں جب جیمز اینڈرسن نے کرس روجرز کو دو اور واٹسن کو صفر پر میدان بدر کردیا، کلارک 22 رنز پر مونٹی پنیسر کا شکار بن گئے، جب دن کا اختتام ہوا تو آسٹریلیا نے 3 وکٹ پر 132 رنز بناکر 530 رنز کی برتری حاصل کرچکا تھا۔