بہاولپور محکمہ جنگلات اور سیاستدانوں کی ملی بھگت لال سوہانرا پارک سے سیکڑوں ہرن غائب

محکمہ جنگلات کے افسران اور مقامی سیاستدانوں نے ملی بھت سے 290 ہرن غائب کر دیئے۔


ویب ڈیسک December 08, 2013
سوہانرا پارک کا افتتاح نواز شریف نے 2012 میں کیا تھا اور اس پارک میں 450 ہرن چھوڑے گئے تھے۔ فوٹو؛ فایل

جنوبی پنجاب کے ضلع پہاولپور کے لال سوہانرا نیشنل پارک سے محکمہ جنگلات اور مقامی سیاستدانوں نے ملی بھگت سے سیکڑوں ہرن غائب کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حال ہی میں جب محمد اکبر نے ڈی ایف او محکمہ جنگلات کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو اس بات کا انکشاف ہوا کہ بہاولپور کے لال سوہانرا پارک سے 290 ہرن غائب ہیں، تحقیقات کیں تو پتہ چلا کہ یہ ہرن محکمہ جنگلات اور مقامی سیاستدانوں کی ملی بھگت سے غائب کئے گئے ہیں، ہرنوں کی چوری میں کنزرویٹر سابقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف رانا سرور بھی ملوث رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات کے افسران اور مقامی سیاستدان ہرنوں کو لال سوہانرا پارک سے غائب کرا کے شکار گاہ میں لے جاتے ہیں اور پھر اپنے رشتہ داروں کو بلوا کر ان کا شکار کیا جاتا ہے اور ان کی خاطر تواضع کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ جنگلات کے نچلے اسٹاف کا چوروں کے ساتھ بھی رابطہ ہے اور وہ جنگلات کو کسی جگہ سے تڑوا کر ہرن غائب کرا دیتے ہیں جو جنوبی پنجاب اور دیگر شہروں کے مخلتف ہوٹلوں پر فروخت کر دیئے جاتے ہیں۔

ڈی ایف او جواد شاہ نے ہرنوں کی مبینہ طور پر غائب ہونے کی تحقیات کے لئے کمیٹی تو قائم کر دی ہے لیکن اس کمیٹی میں ان ہی لوگوں کو شامل کیا گیا ہے جو خود ہرنوں کی چوری میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ سوہانرا پارک بہاولپور کا افتتاح نواز شریف نے 2012 میں کیا تھا اور اس پارک میں عرب شہزادوں کے تعاون سے 450 ہرن، شیر، گینڈے اور مور چھوڑے گئے تھے تاہم ہرنوں کی برے پیمانے پر چوری کے باعث ان کی تعداد اب بہت کم رہ گئی ہے۔

مقبول خبریں