وزیراعظم کی فواد چوہدری کو سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 23 جون 2020
فواد چوہدری اپنے بیان کی وضاحت دینے لگے تو وزیراعظم نے موضوع بدل لیا، ذرائع۔ فوٹو:فائل

فواد چوہدری اپنے بیان کی وضاحت دینے لگے تو وزیراعظم نے موضوع بدل لیا، ذرائع۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے اسد عمر اور جہانگیر ترین سے متعلق بیان پر بحث ہوئی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھا،  ایک وفاقی وزیر کو گفتگو کرتے ہوئے خیال کرنا چاہیے کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری کو آئندہ سیاسی گفتگو میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی اور جب فواد چوہدری اپنے بیان کی وضاحت دینے لگے تو وزیراعظم نے موضوع بدل لیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کابینہ ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ  یہاں کابینہ میں سب اچھا کی رپورٹ دی جاتی ہے، گراؤنڈ پر کارکردگی کچھ اور ہے، ہم پی ٹی آئی کا نظریہ دبنے نہیں دے سکتے،  کابینہ کو گمراہ کرنے والوں کے رپورٹ ہم بھی رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فیصل واوڈا کو مزید بات کرنے سے روک دیا۔

دریں اثنا وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 17 جون کے فیصلوں کی توثیق کردی جبکہ توانائی کمیٹی کے 4 جون کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی ہے۔ کابینہ نے چمبہ ہاؤس لاہور اور قصر ناز کراچی کو لیز پر دینے کی منظوری دے دی جبکہ پاکستان میں سیٹلائٹ سروس کی پالیسی کی تیاری کے معاملے کی منظوری دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔