سندھ مدرستہ یونیورسٹی؛ وائس چانسلر کے لیے 11 امیدوار شارٹ لسٹ

صفدر رضوی  منگل 23 جون 2020
شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں میں ایک خاتون سمیت 5 موجودہ وائس چانسلرز بھی شامل (فوٹو : فائل)

شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں میں ایک خاتون سمیت 5 موجودہ وائس چانسلرز بھی شامل (فوٹو : فائل)

 کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے ’’ تلاش کمیٹی‘‘ نے گیارہ امیدواروں کو انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کرلیا جن میں ایک خاتون سمیت 5 دیگر جامعات کے موجودہ وائس چانسلرز بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس کے مطابق صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم ’’تلاش کمیٹی‘‘ کا اجلاس پیر کو منعقد ہوا جس میں کچھ اراکین آن لائن بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے موصولہ 29 درخواستوں کی اسکروٹنی کی گئی۔

اسکروٹنی کی خاص بات یہ تھی کہ موصولہ درخواستوں میں موجود تمام ایسے امیدواروں کو پہلے ہی شارٹ لسٹ کرلیا گیا جو پہلے ہی سے کسی نہ کسی سرکاری جامعہ میں بحیثیت مستقل یا قائم مقام وائس چانسلر کے طور پر کام کررہے ہیں اور اس طرح شارٹ لسٹ کیے گئے 11 امیدواروں میں سے 5 امیدوار ایسے ہیں جنھیں وائس چانسلر کے عہدے پر کام کرنے کے سبب انٹرویو میں بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان امیدواروں میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ ، سکھر یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین، لیاری یونیورسٹی (شہید بے نظیر بھٹو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ، سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح برفت اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق تلاش کمیٹی کے اجلاس میں فوری طور پر انٹرویوز کرنے کی مخالفت کی گئی اور بعض اراکین نے رائے دی کہ آن لائن اجلاس میں اراکین کا گھر بیٹھے لنک کے ذریعے 11 امیدواروں سے انٹرویوز کرنا دشوار ہوگا جبکہ فزیکل اجلاس میں 7 اراکین کی موجودگی میں 11 امیدواروں کو کورونا کی وبا میں بلانا خطرے سے خالی نہیں لہذا جولائی میں انٹرویو نہ کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔