ملک میں کورونا کے 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد مصدقہ مریض، ایک لاکھ شفایاب

ویب ڈیسک  بدھ 1 جولائی 2020
24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے فوٹو: فائل

24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار سے زائد ہوگئی تاہم ان میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 688 افراد نے اس وائرس کو شکست دے دی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 5 ہزار 510 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، ملک بھر میں مزید 4 ہزار 133 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھرمیں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزارسے زائد ہوگئی۔

سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 86 ہزار 795، پنجاب میں 76 ہزار 262، خیبرپختونخوا میں 26 ہزار 938، بلوچستان میں 10 ہزار 476، اسلام آباد میں 12 ہزار 912، آزاد جموں و کشمیر میں ایک ہزار 135 اور گلگت بلتستان میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک ہزار 489 ہوگئی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایک لاکھ 802 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد ایک لاکھ 8 ہزار 273 ہے، جن میں سے 5 ہزار 50 کورونا مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جب کہ ملک بھر میں 491 کورونا مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد کورونا وائرس کے ہاتھوں دار فانی سے کوچ کرگئے۔ جس کے بعد ملک میں اس وائرس سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 448 ہوگئی۔  پنجاب میں ایک ہزار 762، سندھ میں ایک ہزار377، خیبرپختونخوا میں 951، اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121، گلگت بلتستان 26 اور آزاد کشمیر میں 30 افراد اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔