ویمنز فٹبالینگ رائزنگ اسٹار نے اعزاز کا دفاع کر لیا

بلوچستان یونائیٹڈ کوشکست،آرمی نے اسلام آبادکوزیرکرکے تیسری پوزیشن پائی، ماہ پارہ بہترین گول کیپرقرارپائیں


Sports Reporter December 10, 2013
لاہور: قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کرنے والی ینگ رائزنگ اسٹار کی پلیئرز کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ ،پی ایف ایف ویمنز ونگ کی چیئر پرسن سینیٹر روبینہ عرفان ودیگر بھی ساتھ ہیں ۔ فوٹو : محمود قریشی/ ایکسپریس

ینگ رائزنگ اسٹار راولپنڈی نے سنسنی خیز مقابلے میں بلوچستان یونائیٹڈ کو ہرا کر قومی ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ میں اعزاز کا دفاع کر لیا، آرمی نے اسلام آباد کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

بہترین گول کیپر کا اعزاز فاتح ٹیم کی سیدہ ماہ پارہ کے حصے میں آیا، ٹاپ اسکورر آرمی کی ملکہ نور رہیں، فیئر پلے ٹرافی اسلام آبادکلب کی ابیہا کو ملی، بہترین کھیل پیش کرنے پرسارہ بلوچ کو میشا ٹرافی کا حقدار ٹھہرایا گیا۔تفصیلات کے مطابق قومی ویمنز فٹبال چیمپئن شپ گذشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی۔لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میںکھیلے گئے فائنل میں دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ اسٹار اور بلوچستان یونائیٹڈ کی ٹیمیں مقابل تھیں، میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے جاری رکھے تاہم کئی یقینی مواقع ضائع ہوگئے۔ پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ وقفے کے بعد دونوں سائیڈز نے دفاعی کھیل پیش کیا۔



میچ کے اختتامی لمحات میں تیزی آئی لیکن بلوچستان کی کھلاڑی نے ڈی کے قریب فری کک پر گول کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا، مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہونے پر اضافی وقت میں بھی کانٹے دارمقابلہ دیکھنے میں آیا، تابڑ توڑ حملوں کے باوجو کوئی بھی گیندکو جال کی راہ نہ دکھا سکا۔مقابلے کو فیصلہ کن بنانے کیلیے پنالٹی ککس میں دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ اسٹار نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے اسلام آبادکلب کو پنالٹی ککس پر 3 کے مقابلے 5 گول سے شکست دیدی، قبل ازیں میچ کا اختتام سخت مقابلے کے بعد 1-1 سے برابری پر ہوا تھا۔ اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی پی ایف ایف ویمنز ونگ کی چیئر پرسن سینیٹر روبینہ عرفان، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل اور پنجاب فٹبال فیڈریشن کے صدر ارشد خان لودھی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم ینگ رائزنگ اسٹار کو ٹرافی اور3 لاکھ روپے، رنرز اپ بلوچستان یونائیٹڈکو 2 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن کی حامل ٹیم اسلام آباد کلب کو ڈیڑھ لاکھ انعام میں دیے گئے۔