تحریک انصاف کی حکومت ملک کی کرپٹ ترین حکومت ہے، بلاول بھٹو

ویب ڈیسک  پير 13 جولائی 2020
این ایف سی ایوارڈ پر حملہ کیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، چیئرمین پی پی پی (فوٹو : فائل)

این ایف سی ایوارڈ پر حملہ کیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے، چیئرمین پی پی پی (فوٹو : فائل)

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یہ حکومت ہر فورم پر ناکام ہو چکی ہے اگر این ایف سی پر حملہ ہوا تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا پنجاب کرپشن اور جادو پر چل رہا ہے، ان کو حکومت کرنا نہیں آتی، سیاست بھی نہیں آتی اور عوام کو ریلیف دینا بھی نہیں آتا۔ عوام کے مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپٹ ترین حکومت ہے جس میں بی ٹی آر جیسے کرپشن سے بھرپور منصوبے بنائے گئے، پی آئی اے تباہ ہوئی، ریلوے کرپشن کی نذر ہوگئی، آٹا، چینی اور پٹرول پر کمیشن اور کرپشن نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا۔

بلاول بھٹو کا عزیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹیز پر کہنا تھا کہ کٹھ پتلی جتنی بھی جعلی جے آئی ٹیز لے آئیں، ہم دباؤمیں نہیں آئیں گے، جے آئی ٹی کا گیم حکومت کے گلے ہی پڑ گیا ہے۔ علی زیدی کا فرنٹ مین بی آر ٹی کا کنٹریکٹر ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہیں لیکن حکومت نے این ایف سی ایوارڈ پر حملہ کرکے صوبوں کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو ہم احتجاجاً سڑکوں پر نکلیں گے جس کے لیے  ورکنگ ریلیشن شپ پر اپوزیشن جماعتوں سے مل کر کمیٹی بنا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔