کار سوار کا موٹرسائیکل سوار پر بیس بال کے ڈنڈے سے تشدد

مجھے لگا کہ موٹرسائیکل سوار لوٹنے آیا ہے اور میں نے ڈرکر اسے ڈنڈا دے مارا، کارسوار کا بیان


ویب ڈیسک July 21, 2020
دونوں پارٹیوں میں صلح نامہ ہو گیا ہے، ایس ایچ او ڈیفنس۔ فوٹو:فائل

لاہور: معمولی تنازعے پرکارسوار نے موٹر سائیکل سوار کو بیس بال کے ڈنڈے سے مار مارکرلہولہان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفینس فیز ٹو ابو بکر صدیقی کے قریب معمولی تنازعے پرکارسوار نے موٹر سائیکل سوار کو بیس بال کے ڈنڈے سے مار مار کر لہولہان کردیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کار سوار شہری کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک جانب موٹر سائیکل اور دوسری جانب باریش شہری زمین پر پڑا ہے، جسے کار سوار شخص نے بیس بال کے مضبوط ڈنڈے سے تشدد کا نشانہ بنایا، کار سوار نے موٹر سائیکل سوار شخص کے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر ڈنڈے برسائے، تشدد سے زخمی شخص کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، اور موقع پر موجود شہریوں نے کار سوار شخص کو پولیس کے پہنچنے تک روکے رکھا۔

ایس ایچ او ڈیفنس محمد علی نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، اور زخمی شخص کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی ہے جو نارتھ ناظم آباد کا رہائشی اور کسی بنگلے میں ڈرائیور ہے، جب کہ کار سوار شخص کا نام فاروق ہے اور گلبرگ کا رہائشی ہے اور کیمیکل کا کام کرتا ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار نے راستہ نہ دیا تو دونوں افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی اور واقعہ پیش آیا، تاہم دونوں پارٹیوں میں صلح نامہ ہو گیا ہے اور کار سوار شخص نے زخمی شخص کے تمام اسپتال کے اخراجات بھی ادا کر دیئے ہیں اور صلح نامے کو تحریری شکل دیکر معاملہ رفع دفع کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب کار سوار شخص کا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں اس نے کہا ہے کہ اس نے موٹرسائیکل سوار کو اپنے دفاع میں مارا تھا، مجھے لگا کہ موٹرسائیکل سوار لوٹنے آیا ہے اور میں نے ڈرکر موٹر سائیکل سوار کو ڈنڈا دے مارا، تاہم میرا ماننا ہے کہ موٹرسائیکل سوار شخص کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

مقبول خبریں