عید الاضحیٰ کی آمد، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

ویب ڈیسک  اتوار 26 جولائی 2020
انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی

انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی

عید قربان قریب آتے ہی سبزی،پھل،انڈوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔

راول پنڈی میں سبزی خریدنے پر مفت ملنے والے ہرا دھنیا کی قیمت20 روپے گڈی مقرر کر دی گئی ہے۔ شدید گرم موسم میں بھی انڈے127 روپے درجن کر دیئے گئے۔ اگلے کاروباری ہفتے میں قیمتوں میں مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔

اتوار بازاروں اوراوپن مارکیٹ میں آ لو70روپے، ٹماٹر100روپے، ادرک470روپے، لہسن220روپے،لیموں150روپے کلو،سبز مرچ110روپے کلو،دودھ120روپے لٹر، دہی130روپے ، کیلا 110روپے درجن، آم150روپے کلو،آڑو150روپے کلو،انگور200روپے کلو، چینی86روپے کلو،گھی175روپے پیکٹ، آٹا چکی70روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

انجمن تاجراں سبزی منڈی کے صدر غلام قادر میر اور چیئرمین کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ طلب اوررسد برقرار رکھنے میں ناکام ہوچکی ہے جبکہ ہول سیل ڈیلرز پر کوئی کنٹرول نظر نہیں آرہا۔

لاہور میں بھی عید قریب آتے ہی سبزیاں مہنگی ہوگئیں اور ضلعی انتظامیہ قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہورہی ہے۔ آلو 55 کی بجائے 70 روپے، ٹماٹر 67 کی بجائے 120 روپے کلو اور پیاز 27 کی بجائے 40 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔

کوئٹہ میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے۔ سیب 120،خربوزہ 50روپے کلو، کیلا120روپے درجن، آم 140،آڑو 150،انگور220روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ ادرک 400،لہسن 350، پیاز 50،کدو 60،بینگن 60روپے کلو میں فروخت ہونے لگا۔

ادھر کراچی میں بھی سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔  ٹماٹر 100 روپے، آلو 70، ادرک 400 روپے، کھیرا 80 روپے، ہری مرچ 400 روپے کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔