کراچی میں موسلا دھار بارش، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 26 جولائی 2020
بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔

بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔

 شہر میں تیز بارش کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں 2 کمسن بچوں سمیت 5 افراد جان بحق ہوگئے جب کہ شہر کے متعدد علاقوں میں برساتی پانی داخل ہوگیا۔ 

کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 10 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ کورنگی میں ویٹا چورنگی کے قریب5 سالہ بچی نالے میں ڈوب کر لاپتہ ہوگئی۔ اورنگی ٹاون میں ایک شخص نالے میں گر کر جاں بحق ہوگیا، ایدھی کے غوطہ خوروں کو دو گھنٹے کی تلاش کے بعد لاش مل گئی۔ کورنگی صنعتی علاقے میں برساتی پانی میں نہانے والا بچہ گہرے گڑھے میں گر کر لاپتا ہوگیا پولیس حکام کے مطابق بچے کے ورثا کی تلاش جاری ہے۔

شہر میں برسات شروع ہوتے ہی پرانی سبزی منڈی ، پی ای سی ایچ او بلاک 6 ، سخی حسن ، لیاری ، پاک کالونی ، صفورا چوک ، شاہ فیصل کالونی ، شہید ملت روڈ ، صدر ، شارع فیصل اور دیگر علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ درجنوں گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیوں کو  دھکا لگا کر کنارے پر لگایا۔

پرانی سبزی منڈی پر ایک اندازے کے مطابق ڈھائی سے 3 فٹ کے قریب پانی کھڑا ہوگیا تھا جس میں درجنوں گاڑیاں پھنس گئی متاثرین نے ایکسپریس کو بتایا شہر میں پانی نکاسی کا کوئی سسٹم نہیں ہے جب بھی پارش ہوتی ہے شہر میں پانی بھر جاتا ہے۔ برساتی نالے نہ ہونے کی وجہ سے پانی ان کے گھر میں داخل ہوجاتا ہے گھر میں رکھا ہوا تمام سامان خراب ہوجاتا ہے۔ شہر میں دیگر علاقوں میں بھی اسطرح کی صورت حال ہے جبکہ کسی بھی مقام پر بلدیاتی ادارے نظر نہیں آئے۔

سپرہائی وے پر مویشی منڈی میں بھی بارش ہوئی تو جانوروں کی خریداروں کےلیے آئے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 86.2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

ملک کے مختلف شہریوں میں مون سون کی برسات

کراچی کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارش سے جل تھل ہوگیا۔

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور حبس کے بعد موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

راول پنڈی میں نالہ لئی میں درمیانے درجے کاسیلاب آتے ہی رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔موسم کی خرابی کے باعث اسلام آبادسے کراچی آنیوالی 2پروازوں کا رخ موڈ دیا گیا۔ ایک پرواز کو نوابشاہ ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا جبکہ دوسری کو واپس اسلام آباد بھیج دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔